مسائل کے حل کیلئے مسلم ملکوں کو مل بیٹھنا ہوگا ، انیق احمد

مسائل کے حل کیلئے مسلم ملکوں کو مل بیٹھنا ہوگا ، انیق احمد

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کیلئے مسلم ممالک کو مل بیٹھنا ہو گا، ان خیالات کااظہار انھوں نے بحرین کے رکن پارلیمنٹ اور سابق سپیکر شیخ عادل بن عبدالرحمن المعاودہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

پاکستانی علمائے کرام مولانا ابو تراب، مولانا عتیق الرحمن شاہ کاشمیری ، پروفیسر سجاد قمر اور مولانا حافظ مقصود احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ، دونوں رہنماؤں میں اتحاد امت کے فروغ ، مشترکہ مسائل کے حل اور اسلاموفوبیا کے تدارک پر تفصیلی بات چیت ہوئی، وزیر مذہبی امور نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے مسلم ممالک کو مل کر اُمت کے تاثر کو اجاگر کرنا ہو گا،ہمیں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو دین کے قریب لانا ہو گا اور انکے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالوں کا تسلی بخش جواب دینا ہو گا،بحرین کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بحرین کے لوگ اسلام کے نام پر بننے والی واحد ریاست پاکستان سے محبت رکھتے ہیں ،لوگوں کو اسلام سے تعارف اور اسکے قریب آنے سے روکا جا رہا ہے ، دنیا کو اپنے کانوں پر پڑے پردے کو ہٹا کر اسلام کا پیغام سمجھنا ہو گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں