لاہور میں12مقامات پر سموگ ائیر فلٹر آئیونائز ریونٹس لگائیں گے:محسن نقوی
لاہور(سپیشل رپورٹر،صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سموگ سے نمٹنا قومی ذمہ داری ہے ، لاہور میں 12 مقامات پر سموگ ایئر فلٹر آئیونائزر یونٹس لگائے جائیں گے ، ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا ،عوام سے اپیل ہے وہ ماسک پہنیں، سموگ پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ اختیاراتی انوائرنمنٹل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔
محسن نقوینے مزیدکہا کہ مصنوعی بارش برسانے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کر لیں، بیجنگ میں سموگ کا خاتمہ کرنے والی چینی ماہرین کی ٹیم جلد لاہور کا دورہ کرے گی، پنجاب حکومت کی ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہوگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ 30 دن میں چنگ چی رکشوں کی فری رجسٹریشن کی جائے گی ،سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جارہی ہے ، اب الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار انوائرنمنٹل لیب قائم کی جائے گی ، محکمہ پولیس اور ٹرانسپورٹ کو غیر معیاری پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم دے دیا ، کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید مشینری دیں گے ۔ دریں اثنا محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزا ر پر حاضری دی اور چادر پوشی کی ۔ وہاں محسن نقوی کی زیر صدارت ہجویری ہال میں اجلاس منعقدہ ہوا جس میں پنجاب میں بزرگان دین کے 9مزاروں کی اپ گریڈیشن پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اُچ شریف میں عقیدت مندوں کیلئے ٹورسٹ ٹریل بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں اُچ شریف حضرت جلال الدین بخاریؒ اور دیگر اولیا ء کے مزارات کے راستے ‘‘ٹورسٹ ٹریل’’ڈیکلیئر کرنے اور اُچ شریف کے مزارات اور تبرکات کی عمارتوں کی تعمیر ومرمت ا ور اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بابا بلھے شاہ، حضرت موسیٰ پاک، بابا فرید، شاہ شمس تبریز اور دیگر کے مزار ات کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے داتا دربار کے گرد اراضی واگزار کرواکر رپورٹ پیش کرنے ، دربار میں 24گھنٹے لنگر خانے جاری رکھنے کیلئے انتظامات اور حجرے اصل حالت میں برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے مزار کے گرد برآمدوں (غلام گردش)کی توسیع سے زائرین کی گنجائش 3 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار ہو جائے گی۔ دریں اثنا محسن نقوی نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ گزشتہ روز علی الصبح لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا 2گھنٹے طویل دورہ کیا۔صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، بلال افضل، ابراہیم حسن مراد اور صوبائی مشیر وہاب ریاض بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ نے مراکہ سے بحریہ ٹاؤن تک مختلف مقامات پر جاری کاموں کا معائنہ کیا اورہدایت کی کہ مراکہ انٹرچینج جتنا جلد ممکن ہو مکمل کیا جائے ۔
وزیر اعلیٰ نے چیئرمین لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو روزانہ پراجیکٹ کا وزٹ کرنے کی ہدایت کرتے کہا کہ اضافی ورک فورس لگا کر کام کو تیز کیا جائے ،منصوبے کو ہر صورت جنوری تک مکمل کریں ۔ایف ڈبلیو اوکے کرنل احمد نے وزیراعلیٰ کو پراجیکٹ پر پیشرفت بارے آگاہ کیا۔ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں منعقدہ اجلاس کو پراجیکٹ کے مکمل کاموں اور ٹائم لائن بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ منصوبے پر مجموعی طور پر 42 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ۔دریں اثنا محسن نقوی نے گزشتہ روز لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور چڑیا گھر کے دورہ کے دوران اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پرصوبائی وزراء اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔ میڈیا سے گفتگو میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور چڑیاگھر میں 100 نئے جانور لائے جائیں گے ،ای ٹکٹنگ کانظام متعارف کرایا جائے گا اور ہولو گرام زو بھی بنایا جائے گا ،چڑیا گھر میں ایکوریم میں 142اقسام کی سمندری حیات بھی رکھی جائیں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ چڑیا گھر کی تزئین و آرائش و بحالی کا پراجیکٹ جنوری کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا ،جلو پارک اور چھانگا مانگا پارک کو اپ گریڈکرنے کیلئے فوکس کررہے ہیں، زو اپ گریڈیشن کے لئے بند ہے لیکن جنوری میں جب بچے آئیں گے تو زو کی دنیا الگ ہوگی ، میں نے پہلے بھی ذکر کیا ہے کہ وقت مکمل ہونے پر اپنے پروفیشن میں واپس چلا جاؤں گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انڈس ہسپتال کو پنجاب حکومت کی ملکیت میں لے کر یہاں حکومت پنجاب کا پہلا کینسر ہسپتال قائم کرنے کااعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے یہ اعلان ہفتہ کے روز انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن کے دورہ کے دوران کیا،اس موقع پرانڈس ہسپتال کے بانی ممبر اقبال احمد قرشی، میاں محمد احسن،جاوید ارشد بھٹی، ایس ایم پرویز، انوار احمد خان بھی موجود تھے ۔