نئی حکومت آرہی ،اپنا کام مکمل کرکے صحافیوں میں جابیٹھوں گا:محسن نقوی

نئی حکومت آرہی ،اپنا  کام  مکمل کرکے  صحافیوں میں جابیٹھوں گا:محسن نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کے توسیعی پراجیکٹ کے تحت اوپی ڈی اور ا ن ڈور بلاک کا افتتاح کر دیا اور 152بیڈ کی سرائے کاسنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔

وزیراعلیٰ نے کارڈیالوجی کی ایمر جنسی کی اپ گریڈیشن اور بیڈز کی تعداد 60 سے 120کرنے کااعلان بھی کیا اور اپ گریڈیشن جنوری کے وسط تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ملتان کارڈیالوجی کے اوپی ڈی اور ان ڈور بلاک توسیعی پراجیکٹ کادورہ کیا اور فرش او رسیڑھیوں کے تعمیراتی معیار پر عدم اعتمادکااظہار کرتے ہوئے معیار فوری طورپر بہتر بنانے کاحکم دیا۔کارڈیالوجی، ایمرجنسی، او پی ڈی اور ان ڈور بلاک میں مریضوں کی عیادت کی۔مریضوں نے ادویات کی دستیابی اور طبی ٹیسٹ کی سہولت میسر ہونے کی توثیق کی۔وزیر اعلیٰ نے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزارت اعلیٰ کے بعد سامنے موجودصحافیو ں کی پارٹی میں جا بیٹھوں گا۔ ہم اپنا کام کررہے ہیں، نئی حکومت آرہی ہے وہ باقی معاملات دیکھ لیں گے ۔ نشتر ٹو کا پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، نشتر ون کے ایک وارڈ کی تعمیر و بحالی جاری ہے ،پھر12وارڈز کی تعمیر وبحالی ہوگی۔ چلڈرن ہسپتال میں جدید آلات سے مزین پتھالوجی لیب قائم کی جائے گی۔چلڈرن ہسپتال ایمرجنسی کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا تھا اب اسے سٹیٹ آف دی آرٹ بنا رہے ہیں۔ہسپتالو ں کی بہتری کے لئے کام کررہے ہیں، جاری منصوبو ں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں میڈیسن کا بجٹ سال کے لئے ہوتاہے اس دوران قیمتیں بڑھیں مگر بجٹ نہیں بڑھا۔کم یا زیادہ ادویات مل رہی ہیں اسی میں گزارہ کررہے ہیں۔مریضوں کو بیشتر ادویات مل رہی ہیں،ملتان کارڈیالوجی میں مریضوں کو زیادہ تر ادویات مل رہی ہیں۔فیڈرل گورنمنٹ سے کہہ کر ادویات کی ایل سی کھلوائیں، اندازہ تھا قلت ہوسکتی ہے اور ہمارے مریض متاثر ہوں گے ۔ملتان کارڈیالوجی کا کام کئی سال رکا رہا جگہ کھنڈر بن گئی اورٹھیکیدار جا چکاتھا۔ ملتان کارڈیالوجی میں 154بیڈ کی سرائے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، دسمبر میں مکمل کردی جائے گی۔جب پہلی دفعہ وزٹ کیا تو سرائے کی حالت بہت خراب تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ملتان کے چلڈرن ہسپتال پہنچ گئے اور جاری توسیعی پراجیکٹ کا دورہ کر کے تعمیراتی سرگرمیوں اور معیار کاجائزہ لیا۔

چلڈرن ہسپتال توسیعی پراجیکٹ 20 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتا ل کے احاطے سے بجلی کے پول منتقل کرنے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کے مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور دستیاب سہولتوں کاجائزہ لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اولڈ چلڈرن ہسپتال میں مریض بچوں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریض بچوں سے اظہار شفقت کیا اور جلد صحت یابی کی دعا دی۔ محسن نقوی ملتان کارڈیالوجی او رچلڈرن ہسپتال کے بعد نشتر ہسپتال ٹو پہنچ گئے ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نشتر ہسپتال ٹو کے زیر تکمیل پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ نشتر ہسپتال ٹو دسمبر کے آخر تک آپریشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ نشتر ہسپتال ٹو کے آپریشن تھیٹرزسمیت دیگر شعبے مریضوں کے لئے کھول دئیے جائیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نشتر ہسپتال ٹو کا استقبالیہ بہتر بنانے کاحکم دیا۔دیواروں کی تعمیرات پر عدم اعتماد کااظہارکیا اور معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نشتر ہسپتال ٹو کے وارڈز کا بھی جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے نشتر ہسپتال ٹو کے لئے نئے جدید بیڈز کے معیار کو سراہا اور کہاکہ نشتر ہسپتال ٹو کی جلد تکمیل جنوبی پنجاب کے عوام کی ناگزیر ضرورت ہے ۔ نشتر ہسپتال ٹو میں جدید ترین طبی آلات اور سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی چکوال میں مدرسہ میں زیادتی کا شکار بچوں کے گھر پہنچ گئے ۔ تشدد و زیادتی کا نشانہ بننے والے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے دلاسہ دیتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور افسوس ناک واقعہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔محسن نقوی نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے ،ذمہ دار قانون کے مطابق سزا سے نہیں بچ پائیں گے ۔ متاثرہ بچوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزموں کو کڑی سزا دلوائی جائے گی۔ گھناؤنے فعل کے مرتکب ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ چکوال میں طالب علموں سے زیادتی کرنے والے دونوں ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ملزموں کی نشاندہی سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے کی گئی،متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کے بیانات کی روشنی میں گرفتار کیا گیا۔ بچوں کے والدین نے 2 اساتذہ کی جانب سے بچوں پر تشدد اور زیادتی کی شکایت کی۔ متاثرہ بچوں کے بیانات ریکارڈ کیے ۔ چند بچوں کے جسموں پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے ۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ چکوال واقعہ کی وجہ سے شرمند ہ بھی ہیں اور افسوس بھی بہت ہے ۔ہر مدرسہ برا نہیں، ایک مدرسہ کے چند لوگوں نے بد ترین کام کیا ہے ۔ایک مدرسہ میں ہونے والے واقعہ کی وجہ سے سب کو برا نہیں کہا جاسکتا۔ ایک ہی مدرسہ کے چند افراد کی وجہ سے اسی مدرسہ کے دیگر لوگوں کو بھی برا نہیں کہہ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے جو ممکن ہوسکا،کریں گے ۔ آئی جی کو ٹاسک دے دیا ہے ، سیکرٹری پراسیکیوشن بھی اپنا کام کریں گے ۔ قانون ہم نہیں بنا سکتے تاہم ایسے اقدامات ضرور کریں گے تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔بچوں کے ساتھ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ بچوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے ، میڈیکل نہ کرانے کے فیصلہ کا احترام کرتے ہیں۔ لوکل میڈیا سے متاثرہ بچوں کے نام اور تصویریں وغیرہ پبلک نہ کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ چکوال مدرسہ کے بچوں کے تعداد ایک دو نہیں زیادہ ہے ، انہیں تحفظ دینا چاہتے ہیں۔برے سلوک کی وجہ سے بچے اور ان کے والدین ٹراما میں ہیں۔برے سلوک کے بعد نشاندہی کے لئے بہت ہمت چاہیے ۔ متاثرہ بچوں کو ٹراما سے نکالنا ہے اور نارمل زندگی بحال کرنی ہے ۔ بچوں کی پڑھائی بھی بحال کریں گے اور انہیں ٹراما سے بھی نکالا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ متاثرہ بچوں کی تعلیم کے لئے جو ممکن ہوسکا ضرور کریں گے ۔محسن نقوی نے کہا کہ بچے ڈی پی ایس یاپرائیویٹ سکول میں پڑھنا چاہیں توبھرپور معاونت کریں گے ۔ کمشنر اور ڈ پٹی کمشنر متاثرہ بچوں کی تعلیم اور بحالی کے لئے اقدامات کریں۔ ایف آئی آر درج نہ ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ شکایت آنے پر ملزموں کو فوری طور پر پکڑ لیا گیا۔ادھر باغ جناح کو عالمی معیار کا باغ بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ نے باغ جناح کاد ورہ کیا اور باغ جناح کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ باغ جناح میں واقع بابا ترت مراد شاہ ؒکے مزار کے اطراف کا معائنہ کیا اور باغ جناح کے مختلف حصے دیکھے ۔ وزیر اعلیٰ نے عقب میں گندگی اور بے ترتیبی پر نا پسندگی کا اظہارکیا اور باغ جناح میں غیر ضروری دفاتر ختم کرنے کا حکم دیا۔محسن نقوی نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ باغ جناح کی اپ گریڈیشن کا پلان چند روز میں تیار کرکے پیش کیا جائے ۔ انہوں نے باغ جناح کو لندن کے باغات کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں