ہم شرمندہ ہیں، غزہ کے بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں: نگران وزیراعظم

ہم شرمندہ ہیں، غزہ کے بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں: نگران وزیراعظم

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیانیوز،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہم شرمندہ ہیں، غزہ کے بچوں کا ہولوکاسٹ دیکھ رہے ہیں، پیشہ ورانہ فوج نہتے شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی، یہ قتل عام بند ہونا چاہیے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت انسانی حقوق اور زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری ایجنسی (زارا)کی طرف سے زارا الرٹ موبائل ایپ کے اجرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو بچوں نے چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا،نگران وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا بچوں کے عالمی دن کے موقع پر غزہ کے بچے میرے ذہن میں آئے جہاں اسرائیلی افواج کی جانب سے بارود کے زور پر انہیں بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، وہ جسمانی اعضا سے محروم کئے جا رہے ہیں، حضرت موسیٰ کی پیدا ئش سے قبل فرعون کے حکم پر بنی اسرائیل کے بچوں کو قتل کیا گیا،ستم ظریفی یہ ہے کہ حضرت موسیٰ کے پیروکار ہونے کے دعویدار حضرت موسیٰ کی پیروی کے بجائے فرعون کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق اطفال، انسانی حقوق، خواتین کے حقوق سمیت تمام حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے ، بے حسی کے ساتھ یہ قتل عام آج ایک بہت بڑا چیلنج ہے ،یہ صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے ، ہم او آئی سی سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے امریکا سمیت دیگر عالمی طاقتوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور فوری طور پر جنگ بندی یقینی بنائیں،انسانی راہداری کا قیام عمل میں لایا جائے ۔

نگران وزیراعظم نے موبائل ایپ کے اجرا پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اطمینان ہے کہ یہ پاکستان کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اہم اقدام ہو گا، بچوں کی گمشدگی کے حوالے سے فوری شکایت پر ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی فوری بازیابی کے قابل ہو سکیں گے ۔ دریں اثنا انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پاکستان موسمیاتی تبدیلی کونسل کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ملک میں کاربن کریڈٹس کی تشکیل اور تجارت کیلئے جامع پالیسی فریم ورک وضع کرنے کیلئے موسمیاتی تبدیلی کونسل کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے قلیل، وسط اور طویل مدتی فریم ورک تیار کئے جائیں، کاپ۔28 میں پاکستان کا موقف بھرپور طریقہ سے پیش کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی، اماراتی سفیر نے ابوظہبی میں آئندہ کاپ 28 اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم کو باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون بارے پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،نگران وزیر اعظم نے غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلم ممالک متحد ہو کر عالمی برادری پر اسرائیل کے مظالم روکنے پر زور دیں۔نگران وزیراعظم سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی بھی ملے ،نگران وزیراعظم نے رواں ماہ کے اوائل میں او آئی سی کے غیرمعمولی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے پر سعودی قیادت کی تعریف کی،انہوں نے غزہ میں تشدد کے خاتمے اور بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لئے سفارتی کوششوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں