بابا گورونانک کا جنم دن :ننکانہ میں مرکزی تقریب کا انعقاد

 بابا گورونانک کا جنم دن :ننکانہ میں مرکزی تقریب کا انعقاد

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کے 554 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں گزشتہ روز گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔۔۔

 جس میں نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر اور وزیر اوقاف بیرسٹراظفر علی ناصر نے خصوصی شرکت کی۔ نگران وزرا یوکے، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں کیساتھ گھل مل گئے ۔ عامر میر نے گوردوارہ میں صفائی، سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ نگران وزراء نے نگرکیرتن کے جلوس ودیگر تقریبات میں خصوصی شرکت کی۔اس موقع پرنگران وزیر اطلاعات پنجاب نے دنیا بھر سے آئے مہمان یاتریوں کو ننکانہ صاحب میں خوش آمدید کہا اور بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی مبارکباد دیتے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل اور مثالی آزادی حاصل ہے ،یاتریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ،بابا گورونانک کے امن و محبت، صلح و آشتی اور نیکی کے پیغام کوآگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سکھ برادری کو بابا جی کے جنم استھان کے درشن اور ماتھا ٹیکنے کی کھلی آزادی ہے، وہ جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں۔ بیرسٹراظفر علی ناصر نے کہا کہ پنجاب حکومت سکھ یاتریوں کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہی ہے، آنیوالے یاتری ہماری مہمان نوازی اور محبتوں کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں