خواتین کو ہراساں ، پراپیگنڈا ن لیگ کا وتیرہ :پی ٹی آئی

خواتین کو ہراساں ، پراپیگنڈا ن لیگ کا وتیرہ :پی ٹی آئی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، تنظیمی سرگرمیوں، تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنوں کیخلاف جبر و فسطائیت کے جاری سلسلے اور انٹراپارٹی انتخابات سمیت اہم امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد اعلامیہ میں اڈیالہ جیل کے باہر بشریٰ بی بی کی گاڑی کے گھیراؤ اور اشتعال انگیز نعرہ بازی کی شدید مذمت کی گئی ۔سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا اور ان کی خواتین کو ہراساں اور غلیظ پراپیگنڈا کا ہدف بنانا ن لیگ کا پرانا وتیرہ ہے ۔ایسی مذموم حرکات سے چیئرمین پی ٹی آئی یا ان کے اہلِ خانہ کی قوم کی حقیقی آزادی کی جستجو میں کسی قسم کی کمی پیدا کرنا ممکن نہیں۔کورکمیٹی کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سینئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی گئی ، اجلاس میں مقررہ مدت میں انٹراپارٹی انتخابات منعقد کروانے کے لائحہ عمل کی باضابطہ منظوری بھی دے دی گئی ۔ادھر تحریک انصاف نے کہاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سلامتی، سکیورٹی اور ماضی میں ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی سرکاری کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں،ملک بھر سے لاکھوں کارکن اپنے محبوب قائد کے استقبال کیلئے عدالت جانا چاہتے ہیں۔تحریک انصاف کے ترجمان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالتی پیشی کے موقع پر قائدین اور کارکنوں کیلئے اہم پیغام میں کہا ہے کہ چیئرمین کی سلامتی اور سکیورٹی اوّلین ترجیح اور سب سے اہم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں