عوام الیکشن میں امریکی وفاداروں کا احتساب کریں:سراج الحق

عوام الیکشن میں امریکی وفاداروں کا احتساب کریں:سراج الحق

ملتان/جام پور/سلیم آباد(خبرنگارخصوصی، نامہ نگاران)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے جنوبی پنجاب سے باربار منتخب ہونے والے جاگیرداروں، وڈیروں نے عوام کو ترقی، امن، خوشحالی سے محروم رکھا۔۔۔

پیپلزپارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی آئندہ سو برس بھی اقتدار میں رہیں تو ملک ترقی نہیں کرے گا، امیدر کھتا ہوں عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن اب کی بار غیر جانبدار رہیں گے، 8 فروری کو عوام لٹیروں، ظالموں اور امریکا کے وفاداروں کا احتساب اور فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے ترازو کا انتخاب کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب کے دورو زہ خوشحال پاکستان روڈ کارواں کے موقع پر راجن پور ،کوٹ مٹھن میں جلسہ عام اور دیگر مقامات پر استقبالیہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کارواں کے آخری روز امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ ظفر،صہیب عمار ،رشید اختر ،قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار عرفان ملک،محسن ریاض،حافظ فدا الرحمن، ڈاکٹر رانا رشید،سردار عبدالغفار، حافظ عبید الرحمن اور شعیب مزاری بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے لیکن افسوس مسلم حکمران بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ،نواز شریف، آصف زرداری اور چیئرمین پی ٹی آئی سمیت یہ سب امریکا نواز پالیسی پر گامزن ہیں،حکمران ہمیں جانے کی اجازت دیں ہم اسرائیل کے خلاف جہاد کرنے کو تیار ہیں،حماس کے مجاہدین گریٹر اسرائیل کا ناپاک منصوبہ پورا نہیں ہونے دیں گے۔ امیر جماعت نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں ملک میں اسلامی نظام نافذ ہو،کشمیر و فلسطین آزاد ہوں اور عدل و انصاف پر مشتمل کرپشن فری پاکستان بنے تو جماعت اسلامی ہی واحد آپشن ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں