ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 18 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 18 کروڑ  ڈالر قرض کی منظوری دیدی

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی،اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 18 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دیدی۔ اے ڈی بی کے اعلامیہ کے مطابق یہ رقم راولپنڈی اور بہاولپور میں پانی کی فراہمی اور ٹھوس فضلے کوٹھکانے لگانے کے انتظام و انصرام پر خرچ کی جائے گی، منصوبے سے دونوں شہروں کی 15 لاکھ کی آبادی کو فائدہ ہو گا۔

 اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ راولپنڈی اربن واٹر سپلائی کو توسیع دے کر اسے جدید بنایا جائے گا جبکہ بہاولپور میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔ یہ منصوبہ دونوں شہروں میں میونسپل خدمات کو زیادہ پائیدار اور لچکدار بنانے کے ساتھ کاربن کے اخراج میں کمی لانے میں مدد دیگا ، راولپنڈی میں اس منصوبے سے پانی کے اخراج اور 54 ملین لٹر یومیہ کی گنجائش والا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بنانے میں مدد ملے گی، 82 ہزار گھروں کیلئے پائپ لائن بچھائی جائے گی، پانی کے پمپوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا، آپریشنل کارکردگی بڑھانے کیلئے 3 پائلٹ ڈسٹرکٹ میٹرنگ ایریاز قائم کئے جائیں گے ۔ بہاولپور میں سالڈ ویسٹ کی ری سائیکلنگ کے ساتھ ساتھ فلڈ پروف لینڈ فل کی سہولت بھی تعمیر کی جائے گی۔ اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا یوگینی ژوکوف نے کہا ہے کہ صاف پانی کی فراہمی اور فضلہ کے انتظام کو بہتر بنانے میں مدد کرنے سے راولپنڈی اور بہاولپور میں لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری کی توقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں