غزہ پردوبارہ بمباری سے مایوسی،طبی مراکز پر حملوں کی عالمی تحقیقات کرائی جائیں:پاکستان

غزہ پردوبارہ بمباری سے مایوسی،طبی مراکز پر حملوں کی عالمی تحقیقات کرائی جائیں:پاکستان

اسلام آباد (وقائع نگار ،این این آئی)پاکستان نے ایک بار پھر غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نہتے فلسطینیوں پر دوبارہ بمباری پر سخت مایوسی ہوئی ۔

 اْنہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں پر حملے کیے گئے ، پاکستان اسرائیل کے طبی مراکز پر حملوں کی بھی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے ۔عالمی برادری فلسطینیوں پر جاری بمباری روکنے کے لئے کردار ادا کرے ،پاک بھارت قیادت کی دبئی میں کوئی ملاقات پلان نہیں۔ سی پیک کیخلاف کسی بھی دہشتگرد منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، سی پیک پر کام کرنے والوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے ،افغان حکام کی جانب سے پاکستان مخالف بیان پر جواب دینا بھی مناسب نہیں سمجھتے ،افغانستان طویل عر صہ سے مسائل کا شکار ہے ، عالمی برادری افغان قوم اور حکومت کی ری بلڈنگ میں مدد کرے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ حافظ گل بہادر کے علاوہ کتنے دہشت گردوں کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا، اس پر تبصرہ نہیں کر سکتے ۔مجرموں کو وطن واپس لانے پر قانونی امداد اور قیدیوں کا تبادلہ وزارت داخلہ کی ڈومین ہے ،دہشت گرد گروہوں کے حوالے سے ہمیں افغان انتظامیہ سے جن نتائج کی توقعات تھیں وہ پوری نہ ہونے پر مایوسی ہوئی ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جاری جنگی جرائم پر دنیا کو بات کرنی چا ہئے ۔اْنہوں نے بتایا کہ نگران وزیراعظم نے کویت اور یو اے ای کے دورے کئے اور ان دوروں کے دوران فلسطین کی صورتحال سمیت اہم امور پر بات کی گئی ۔اسرائیل کی ناکہ بندی کے باعث دنیا کو غزہ تک امداد پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔اْنہوں نے کہا کہ اِدھر کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں ۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی بند کرے ۔ممتاززہرا بلوچ نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک بھارت قیادت کی دبئی میں کوئی ملاقات پلان نہیں ۔افغانستان میں غیر یقینی صورتحال پر پاکستان کو ہمدرد ی ہے ۔ غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کی واپسی کے عمل سے مطمئن ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کی بڑی تعداد رضاکارانہ طور پر واپس جارہی ہے ، پاکستان آنے کے لیے افغان شہریوں پر اب ویزا لینا لازم ہوگا، ہم سپریم کورٹ میں کیس پر تبصرہ نہیں کر سکتے ۔ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں افغان سرزمین کے استعمال ہونے پرتشویش ہے ، امید ہے کہ افغان حکّام پاکستان کے خدشات پر دہشتگردی میں ملوث ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے نوبیل انعام یافتہ سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کے بارے میں تاریخ خود فیصلہ کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں