مہنگائی کی رفتار برقرار،29.2فیصد پر جاپہنچی،ایک ہفتے میں 13اشیا مہنگی

مہنگائی کی رفتار برقرار،29.2فیصد پر جاپہنچی،ایک ہفتے میں 13اشیا مہنگی

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)نومبر میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 2.4 اور سالانہ بنیاد پر 5.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر 0.23 فیصد کی کمی کے باوجود 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 شماریات بیورو نے مہنگائی کی ماہانہ اور ہفتہ وار رپورٹیں جاری کردیں۔ ماہانہ رپورٹ کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس کے تحت نومبر 2023 میں مہنگائی کی شرح 29.2 فیصد ریکارڈ کی گئی جو اکتوبر 2023 میں 26.8 اور نومبر 2022 میں 23.8 فیصد تھی، اس طرح ماہانہ بنیاد پر 2.4اور سالانہ بنیاد پر 5.4 فیصد اضافہ ہوا۔نومبر 2023 میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 30.4 فیصد ریکارڈ کی گئی جو اکتوبر 2023 میں 25.5 اور نومبر 2022 میں 21.6 فیصد تھی، اس طرح شہروں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی 4.5 اور سالانہ بنیاد پر 8.8 فیصد بڑھی۔ نومبر 2023 میں دیہات میں مہنگائی کی شرح 27.5 فیصد ریکارڈ کی گئی جو اکتوبر 2023 میں 28.7 اور نومبر 2022 میں 27.2 فیصد تھی، اس طرح دیہات میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی 1.2 فیصد کمی اور سالانہ بنیاد پر 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ایس پی آئی انڈیکس کے تحت نومبر 2023 میں مہنگائی کی شرح 30.6 فیصد ریکارڈ کی گئی جو اکتوبر 2023 میں 34.2 فیصد تھی، اس طرح ایک ماہ کے دوران ایس پی آئی انڈیکس کے تحت مہنگائی میں 4.4 فیصد کمی آئی۔ ہول سیل مارکیٹ میں مہنگائی کی شرح نومبر 2023 میں 26.2 فیصد رہی جو اکتوبر 2023 میں 24.6 فیصد اور نومبر 2022 میں 27.7 فیصد تھی، اس طرح ہول سیل مارکیٹ میں مہنگائی میں ماہانہ بنیاد پر 2 فیصد اضافہ اور سالانہ بنیاد پر 1.3 فیصد کمی آئی۔ قدرتی گیس کی قیمت میں ماہانہ بنیاد پر280.55 اور سالانہ بنیاد پر519.16فیصد جبکہ بجلی کی قیمت میں ماہانہ بنیاد پر10.71اور سالانہ بنیاد پر34.95فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری جانب ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ رفتہ میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 0.23فیصد کے ساتھ 41.05فیصد رہی۔ ایک ہفتے کے دوران 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ، 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ 24 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں