بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کا افتتاح، 15 روز میں این او سی مل جائیگا: محسن نقوی

بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کا افتتاح، 15 روز میں این او سی مل جائیگا: محسن نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)وزیر اعلی ٰپنجاب محسن نقوی نے صوبائی کابینہ اور چین و ترکیہ کے قونصل جنرل کے ہمراہ صوبے کے پہلے بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا۔

محسن نقوی نے سنٹر میں بزنس حب کے آن لائن سسٹم کا بھی باضابطہ آغاز کیااور بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹر میں قائم صوبائی و وفاقی محکموں کے کائونٹرز کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے محکموں کی طرف سے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ون ونڈو آپریشن کے پورے نظام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی ٰنے این او سیز کے اجرا کو 30 روز کی بجائے 15 روز میں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے این او سیز کا اجرا 10 روز میں کرنے کا پلان طلب کر لیا۔ ایل ڈی اے ، ٹیپا، واسا اور دیگر محکمے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو این او سیز، رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ جاری کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر میں فراہم کر دہ سہولتوں کو سراہا۔

وزیر اعلیٰ نے پنجاب کے پہلے بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا پہلا بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر فنکشنل کرنے کے لئے محکمہ صنعت اور لاہور چیمبرز آف کامرس نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر بنانے کاپرپوزل محکمہ صنعت اور لاہور چیمبر آف کامرس نے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرمیں ون ونڈو آپریشن کی سہولت میسر ہوگی جس طرح پولیس خدمت مراکز خدمات دے رہے ہیں۔ کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر میں 20محکمے ہوں گے ،106 این او سیز ایک ہی چھت تلے ملیں گے ۔ اب بزنس مین بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر آئیں گے اور 15دن کے اندر این او سی حاصل کریں گے ۔بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر فنکشنل کرنے کا وعدہ مختلف ممالک کے قونصل جنرلز کے ساتھ بھی تھا جو پورا کر دیا گیا ہے ۔ بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کو این او سیز کے حصول کے لئے بہت مشکل ہوتی تھی۔ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کے لئے ایسے ہی خدمات فراہم کرے گا جیسے پاکستانیوں کے لئے خدمات ہونگی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اور بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کو 15کی بجائے 10دن کے اندر این او سیز مہیا کیے جائیں گے ۔ فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ،راولپنڈی اور ملتان میں 30دن کے اندر 5بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر ز فنکشنل کردیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوٹ خواجہ سعید ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔بیڈز کے اوپر مریض،نیچے بلیاں ہسپتال میں طبی سہولتوں کا فقدان،صفائی کے ناقص انتظامات، گندگی،ریڈیالوجی وارڈ کو تالے ۔مریضوں او رلواحقین نے شکایات کے انبار لگا دئیے ۔ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے برہمی کااظہار کیااورایم ایس کو فوری تبدیل کرنے کاحکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری کے لئے سیکرٹری صحت کو فون کیا اورہسپتال میں دل کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے پی آئی سی کا سٹیلائٹ کلینک بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایک بچے کو علاج معالجے کے لئے فوری طورپر چلڈرن ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے اپ گریڈیشن کے کاموں میں تیزی کے لئے اضافی لیبر فورس لگانے کاحکم دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ عبدالرحیم میموریل ہسپتال سوڈیوال کا دورہ کیا۔ ہسپتال میں مفت ادویات نہ خون کی فراہمی کی سہولت،ایم ایس بھی موجود نہیں،صفائی کے ناقص انتظامات، خواتین مریضوں کے تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے ، محسن نقوی نے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کو سخت وارننگ جاری کی۔ محسن نقوی نے باہر سے ادویات خریدنے والے مریضوں کے لواحقین کو پیسے واپس کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے مریضوں اورتیمارداروں سے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی پوچھا۔ محسن نقوی نے صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کاحکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کومفت ادویات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں