8 فروری سیاسی سموگ کے خاتمے کا دن ہوگا:سراج الحق

8 فروری سیاسی سموگ کے خاتمے کا دن ہوگا:سراج الحق

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 8 فروری سیاسی سموگ کے خاتمے کا دن، عوام ملک کو بچانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

 صرف جماعت اسلامی سیاسی آلودگی کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے، الیکشن کا دن عوام کے لیے یوم نجات اور تین بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے یوم حساب ہو گا، ان حکمران پارٹیوں نے فوجی گملوں میں پرورش پائی اور قوم کے 40سال ضائع کیے ،حالیہ فلسطین پر اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات سے 16ہزار خواتین، مرد، بچے شہید ہو گئے لیکن ابھی تک 58اسلامی ممالک کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے مزیدکہا کہ انتخابات میں ایک پارٹی میں باپ اور دوسری پارٹی میں بیٹا ہو گا، انہی اشرافیہ کے شہزادوں ، شہزادیوں کو قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بیٹھنے کا موقع ملتا ہے ، انہی سیاسی دہشت گردوں کی و جہ سے عوام غربت کے سمندر میں غوطہ زن ہیں ۔امیر جماعت نے کہا کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں میں سوائے ناموں کے اور کوئی فرق نہیں، کشمیر پر ان کا ایجنڈا ایک ہے کہ اسے بھارت کے قبضے میں دے دیا جائے ، آئی ایم ایف سے قرض لینے پر ان کا ایجنڈا ایک، ٹرانس جینڈر جیسے گندے قانون پر یہ سب ایک ہیں، سابق آرمی چیف پر ن لیگ کھل کر تنقید کرتی تھی لیکن ایکسٹینشن دینے کے وقت ن لیگ نے سب سے پہلے ٹھپہ لگایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں