فوج صرف کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے سہولت کاری کررہی:نگران وزیراعظم

فوج صرف  کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے سہولت کاری کررہی:نگران وزیراعظم

اسلام آباد، کوہاٹ، کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی )نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت نے سمگلنگ ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) فوجی کاروبار کا پلیٹ فارم نہیں جبکہ فوج صرف کاروباری ماحول بہتربنانے کے لئے سہولت کاری کر رہی ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بہترین کمپنیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کے لئے اقدامات کر رہی ہے ، حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات بھی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے ، ہم نے شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے ، جبکہ خواہش ہے کہ تاجر برادری جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید کامیابیاں سمیٹے ۔ نگران وزیر اعظم نے کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں اضافے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی پر مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے ،قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان سٹاک ایکسچینج کے تمام ممبرز کی ہے ، کاروباری اداروں کے تعاون سے سٹاک ایکسچینج نے تاریخی کامیابی حاصل کی ،انہوں نے کہا کہ 2023 میں سٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے اور ہم کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھیں گے ،شمشاد اختر نے نگران وزیر اعظم کو کراچی آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ قبل ازیں کیڈٹ کالج کوہاٹ کے 58ویں یومِ والدین کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ جدید تعلیم ہماری ترجیح ہے ، تعلیم یافتہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، اساتذہ کا تعلیمی نظام میں انتہائی اہم کردارہے ، مادر علمی میں گزارا ہواوقت طلباکو مستقبل کے چیلنجزسے عہدہ برآ ہونے کے لئے تیار کرتاہے ۔ کیڈٹ کالج کے 58ویں یوم والدین کی تقریب میں شرکت اور نوجوان کیڈٹس سے مخاطب ہونا میر ے لئے اعزاز کی بات ہے ۔مادر علمی میں گزارا ہوا وقت ہمیں مستقبل کے لئے تیار کرتاہے ۔

جدیدتعلیم بالخصوص سائنس و ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے ۔ ہمیں خود کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ اساتذہ تعلیمی نظام میں انتہائی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ والدین پر بھی انتہائی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ نے ہمیشہ بہترین نتائج د ئیے ہیں۔ یہ کالج میرا مادر علمی رہا ہے ۔میں 1984 میں بلوچستان کے ایک پسماندہ علاقے سے تعلیم کے لئے اس کالج میں آیا۔ میں زندگی میں آج اس مقام پرپہنچا ہوں تو اس کا سہرا میرے اس مادر علمی کے اساتذہ کے سر ہے ۔ وزیراعظم نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ محنت ، ایمانداری اور لگن سے آگے بڑھتے جائیں، ان کے لئے زندگی میں چیلنجزہوں گے ، مشکلیں آئیں گی لیکن کامیابی ان کا مقدر ہو گی ۔ تقریب سے خطاب کے دوران نگران وزیراعظم جو کیڈٹ کالج سے فارغ التحصیل ہیں ،نے اپنے مادر علمی کے بہت سے اساتذہ کانام لے کر ذکر کیا اور انہیں یاد کر تے ہوئے وزیراعظم آبدیدہ ہو گئے ۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھ میں آج جو کچھ اچھاہے اس کاسہرا میرے اساتذہ کے سر ہے ۔ قبل ازیں پرنسپل بریگیڈیئر (ر) طفیل محمد خا ن نے کہا کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ نے ہمیشہ بہترین نتائج د ئیے ہیں اور بورڈ کے امتحانات میں ٹاپ پوزیشنز حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے ۔وزیراعظم نے کیڈٹس کی پریڈ کامعائنہ کیا۔ وزیراعظم کو کیڈٹس کے چاق و چوبند د ستے نے سلامی دی۔ انہوں نے چیمپئن شپ کا پرچم رستم ہاؤس کے حوالے کیا۔ وزیراعظم نے کیڈٹس کی طرف سے گھڑ سواری ، نیزہ بازی اور جمناسٹکس کا مظاہرہ بھی دیکھا۔وزیراعظم نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں