ایک سیاستدان جیل سے نکلنے اور دوسرا بچنے کی کوشش کر ر ہا :بلاول بھٹو

ایک  سیاستدان  جیل  سے  نکلنے  اور  دوسرا  بچنے  کی  کوشش  کر  ر ہا :بلاول  بھٹو

کوہاٹ ( نمائندہ دنیا، نیوز ایجنسیاں ، دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ایک جیل سے نکلنے کیلئے اور دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔

کوئی کھلاڑی یا کوئی اور ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہمارا مقابلہ سیاست دانوں سے نہیں،  بے روزگاری، مہنگائی اور غربت سے ہے ،پیپلز پارٹی اشرافیہ کی نہیں، غریبوں، مزدوروں اور سفید پوش طبقے کی نمائندگی کرتی ہے ، ہم روایتی اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر کے خدمت کی سیاست کا آغاز کریں گے ۔کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی عہدیداروں، پارٹی کی تنظیموں، امیدواروں اور جیالوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انتہائی کامیاب وکررز کنونشن منعقد کئے ۔ انہوں نے کہاکہ جیالے شہید بینظیر بھٹو کے بھائی اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سپاہی ہیں جنہوں نے سب کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ بھٹو کا فلسفہ کے پی میں زندہ ہے اور زندہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث یہ کنونش منعقد نہ کئے جائیں، اس پر ہمارا جواب تھا کہ جیالے ایسے خطروں سے ڈرنے والے نہیں اور انہوں نے نہایت جرات کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ شہید بینظیر کے مشن کو ہر صورت مکمل کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ جیالوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ انتخابات کے لئے تیار ہیں حالانکہ ابھی انتخا بی مہم شروع بھی نہیں ہوئی اور الیکشن شیڈ ول کا اعلان بھی نہیں ہوا۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریبوں کی نمائندگی کی ہے اور ان کی آواز بنی ہے ۔ آج کل ملک جن بحرانوں کا شکار ہے انہیں صرف قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے اور ان کے منشور ہی سے ختم کیا جا سکتا ہے ۔ بلاول نے کہاکہ پیپلزپارٹی کسی سیاسی جماعت کی مخالفت نہیں کرتی بلکہ اس کی مخالفت غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی تین نسلوں سے روٹی، کپڑا اور مکان کی لڑائی لڑ رہی ہے ۔ شہید بینظیر بھٹو کو بینظیر آئے گی روزگار لائے گی کے نعرے سے پہچانا جاتا ہے ۔پی پی پی ہی وہ واحد پارٹی ہے جو کسانوں، مزدوروں، طلباء اور غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے نہ کہ اس ملک کی اشرافیہ کے ساتھ۔ پاکستان پیپلزپارٹی روایتی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے جو کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست ہے اور پیپلزپارٹی 8فروری کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ملک میں خدمت کی سیاست کو متعارف کروائے گی۔ پیپلزپارٹی صرف اس لئے انتخابات لڑرہی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کر سکے جبکہ اس کا ایک مخالف جیل سے باہر آنے کے لئے اور دوسرا مخالف جیل سے بچنے کے لئے الیکشن لڑ رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں اس لئے آنا چاہتے ہیں کہ ملک کی غریب ترین خواتین کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ اور رقم بڑھائیں تاکہ انہیں ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ ہم اس لئے انتخاب لڑ رہے ہیں کہ مزدوروں کے لئے مزدور کارڈ، کسانوں کے لئے کسان کارڈ اور نوجوانوں کے لئے یوتھ کارڈ مہیا کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ کے پی کے میں علاج معالجے کی سہولیات ایسی ہی ہوں جس طرح این آئی سی وی ڈی، گمبٹ انسٹی ٹیوٹ اور ایس آئی یو ٹی کے ذریعے سندھ میں مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس لئے انتخابات لڑ رہے ہیں تاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کی طرح عوام کو سہولیات مہیا کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کو 1073ء کا آئین، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفے ہیں اور اگر کوئی انہیں ختم کرنا چاہتا ہے تو اسے ہمارا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم درست معنوں میں عوام راج قائم کریں گے تاکہ ملک کے عوام کو ان کے حقوق اور ان کا حصہ مل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ12سال پہلے زرداری نے سپریم کورٹ میں ایک ریفرنس بھیجا تھا تاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے فیصلے پر نظرثانی ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے ادارے کی اس غلطی کی تلافی کریں گے کیونکہ عدالت ہی اس قتل کا کرائم سین تھا،اس کیس میں جو آئینی اور قانونی غلطیاں کی گئی تھیں انہیں درست کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ اس ریفرنس میں صرف ایک فیصلہ ہی کردینا کافی نہیں ہوگا بلکہ قوم کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ اس قتل کے سہولت کار کون تھے ۔ انہوں نے کہاکہ اس میں جنرل ضیاء سے لے کر ججز، وکلاء اور سیاستدان بھی شامل ہیں،یہ تمام لوگ قو م کے مجرم ہیں،ہم امید کرتے ہیں کہ نہ صرف قانون کی سطح پر انصاف ہوگا بلکہ اس کا تاریخی پس منظر بھی دیکھا جائے گا تاکہ تمام دنیا کو معلوم ہو سکے کہ مسلم دنیا کے ایک لیڈر کو پھانسی کے پھندے پر کیوں بھیجا گیا؟ اگر عدالت یہ معاملہ درست طور پر دیکھتی ہے تو اس سے پاکستان کے عوام کو یہ امید ہوگی کہ انہیں بھی اس ملک میں انصاف مل سکتا ہے ۔ چیئرمین بلاول نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی عوام کے مسائل حل کرے گی اور ان کی خدمت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں عوام پر اعتماد ہے اور ہم نے اپنی پارٹی کی قسمت عوام کے ہاتھ میں دے دی ہے کیونکہ ہمارے لیڈر نے ہمیں بتایا تھا کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں۔سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ صحت کی مفت سہولت ملک کے ہر گھر میں ہو، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت بنا رہی ہے ، حکومت بنا کر عوام کو ان کا حق دیں گے ،بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا قوم کو بتانا پڑے گا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے قتل میں کون ملوث تھا، بھٹو کے عدالتی قتل کے سہولت کار کون تھے ، جنرل ضیا سے لیکر، ججز، وکیلوں اور سیاستدانوں سمیت جو بھی سہولت کار تھے وہ اس ملک کے مجرم ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے پر لگے خون کے دھبّے اپنے ہاتھوں سے دھوئیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں