ہمارے ارکان آزاد نہیں پارٹی مینڈیٹ لیکر آئے،چھوڑ کرگئے تو عدالت جائینگے:گوہر خان

ہمارے ارکان آزاد نہیں پارٹی مینڈیٹ لیکر آئے،چھوڑ کرگئے تو عدالت جائینگے:گوہر خان

اسلام آباد، لاہور ( نیوز ایجنسیاں ، سیاسی رپورٹر سے )تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان آزاد نہیں پارٹی کا مینڈیٹ لیکر آئے جو پارٹی چھوڑ کر جائیں گے ہم ان کیخلاف عدالت میں جائیں گے ۔

ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں خدشہ تھا کہ لوگ چھوڑ کر جائیں گے ،اس کا اظہار الیکشن کمیشن سے بھی کیا تھا ،پہلا کیس ہے کہ وسیم قادر چھوڑ کر گیا ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ہمارے امیدواروں کے نامزدگی فارمز پر پارٹی کا نام لکھا تھا ،سپریم کورٹ نے کہا تھا ان کے ووٹ کاؤنٹ نہیں ہوں گے ،یہ آزاد امیدوار نہیں ہیں یہ پارٹی کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں ،ہمارے زیادہ تر امیدوار ہمارے ساتھ مخلص ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس وقت ہماری سیٹیں 170 ہیں جن کے فارم45ہمارے پاس ہیں ،24نشستوں کو تبدیل کیا گیا ، اسلام آباد کی 3،کراچی کی 4اور باقی پنجاب سے ہیں۔ ان کے پاس نتیجہ نہیں ، عوام ہمارے حق میں ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے عوامی مینڈیٹ ہمارے پاس ہے اور ہم حکومت بنائیں گے ،ہم نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے رابطہ نہیں کرنا ،ہم پیپلز پارٹی ، ن لیگ یا کسی اور پارٹی کو ملا کر حکومت بنانے نہیں جا رہے ۔بیرسٹر گوہر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ریزرو سیٹوں کیلئے ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا کہ کس جماعت کیساتھ ملیں گے ،ہمارے پاس خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت ہے ،خیبرپختونخوا میں ہم حکومت بنائیں گے ۔

ٹوٹل ریزرو سیٹوں میں سے 30 سیٹیں ہمیں ملنی چاہئیں،ضروری نہیں کہ اس پارٹی کے ساتھ جائیں جو الیکشن جیت کر آئے ،قانون کے مطابق کسی بھی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں جس کے پاس نشان ہے ،اگر کوئی بھی آپشن باقی نہ ہوا تو ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے ،ہم دھرنا نہیں دیں گے ہم پارلیمان میں جا کر بیٹھیں گے ،ہم اپنے حقوق اور عوامی مینڈیٹ کیلئے ہر عدالت میں جائیں گے ۔ تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن اراکین سے فوراً مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ،ترجمان تحریک انصاف کاکہناہے کہ دھاندلی کا لبادہ پہنا کر پی ڈی ایم ٹو کو دوبارہ عوام کے سروں مسلط کیا جا رہا ہے ، ملک کی سب سے بڑی، مقبول ترین، چاروں صوبوں میں نمائندگی اور فیصلہ کن عوامی مینڈیٹ کی حامل تحریک انصاف ہی حکومت سازی کا بنیادی دستوری، جمہوری، اخلاقی اور سیاسی حق رکھتی ہے ،عوام اپنے مینڈیٹ کے برعکس مجرموں کو ملک پر مسلط کرنے کے کسی منصوبے کو قبول نہیں کرے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں