انتخابی شکست پر جہانگیر ترین نے سیاست، سراج الحق نے پارٹی قیادت چھوڑ دی: فی الحال بریک لے رہا ہوں: پرویز خٹک

انتخابی شکست پر جہانگیر ترین نے سیاست، سراج الحق نے پارٹی قیادت چھوڑ دی: فی الحال بریک لے رہا ہوں: پرویز خٹک

لاہور(سیاسی رپورٹر سے، اپنے رپورٹر سے، مانیٹرنگ ڈیسک)عام انتخابات میں ناکامی کے بعد استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے استعفیٰ دیدیا، سیاست بھی چھوڑنے کا اعلان کردیا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق بھی انتخابی شکست پر پارٹی عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

جہانگیرترین نے قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں سے شکست اور پارٹی کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کر تے ہوئے مستعفی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ تمام لوگوں کا شکریہ ادا  کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے الیکشن میں انکی حمایت کی جہانگیرترین کا کہنا تھا کہ اپنے مخالفین کو بھی کامیابی پر مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، آئی پی پی کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا،دوسری طرف سراج الحق نے بھی امیرجماعت اسلامی کے عہدے سے استعفی ٰدیدیا ، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھر پور کوشش اور محنت کے باوجود الیکشن میں جماعت اسلامی کو مطلوبہ کامیابی نہیں دلا سکا، اس ناکامی کو قبول کرتے ہوئے جماعت کی امارت سے استعفیٰ دیتا ہوں،استعفیٰ کے بعد سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے شوری کا ہنگامی اجلاس 17فروری کو منصورہ لاہور میں طلب کر لیا ، مرکزی مجلس شوری میں اس صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویزخٹک نے کہا کہ میری سیاست چھوڑنے کی زیرگردش خبریں غلط ہیں۔ سیاست چھوڑ رہا ہوں نہ ہی اپنی پارٹی کا عہدہ چھوڑونگا، کچھ وقت کے لئے بریک لے رہا ہوں ۔ان کا کہنا تھاکہ آرام کرنے کا ہرگز مطلب نہیں کہ میں سیاست چھوڑوں۔ادھر استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے جہانگیر خان ترین کے پارٹی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر دلی دکھ کا اظہار کیا ، اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جہانگیر خان ترین اعلیٰ پائے کے پروفیشنل ہیں اور انکا کسی بھی حکومت میں ہونا اُس حکومت کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ بد قسمتی سے کوئی حکومت بھی اُن کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکی، جہانگیر خان ترین ہمیشہ استحکام پاکستان پارٹی اور ہم سب کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جہانگیر خان ترین کو صحت و سلامتی اور ہمیشہ کامیابی سے ہمکنار کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں