سندھ پیپلزپارٹی کے حوالے، ہماری دو سیٹیں بھی انکو دیدیں:پگاڑا

سندھ پیپلزپارٹی کے حوالے، ہماری دو سیٹیں بھی انکو دیدیں:پگاڑا

کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے)اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی(پیر پگارا)نے کراچی میں جی ڈی اے کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ایسے الیکشن کو مسترد کرتے ہیں، جب فیصلہ ہوچکا کہ سندھ پیپلزپارٹی کو دینا ہے تو یہ 2 نشستیں بھی زرداری صاحب کو دے دیں۔ز

پیر پگارا نے دعویٰ کیا کہ مجھے کہا گیا کہ زرداری صاحب سے الائنس کرلو، نشستیں مل جائیں گی، منع کیا تو کہا کہ پھر جی ڈی اے کے سامنے صفر لکھا ہوا ہے ۔ رہنما جی ڈی اے صفدر عباسی نے کہا دھاندلی اور نتائج تبدیلی کے خلاف جمعہ کو 11 بجے حیدر آباد بائی پاس پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔ادھرامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ اسمبلی کی جیتی ہوئی سیٹ چھوڑنے کا اعلان کر تے ہوئے کراچی کے انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دینے ، سپریم کورٹ کی سطح پر عدالتی کمیٹی تشکیل دے کر نتائج کی فارنزک تحقیقات اور فارم 45کے مطابق حقیقی نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا پی ایس 129سے الیکشن کمیشن کے مطابق مجھے 26ہزارووٹ سے جیتا ہوا دکھایا گیا جبکہ فارم 45 کے مطابق میرے حاصل کر دہ ووٹ 30464 ہیں ، مجھ سے زیادہ ووٹ پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار نے حاصل کیے ، ایم کیو ایم کے امیدوار کو 6010 ووٹ ملے ۔ جو جیتا اسے جیتنے اور جو ہار چکے ان کو پھر شہر پر مسلط نہ کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں