شہباز وزیر اعظم ہونگے :خواجہ آصف ابھی فیصلہ نہیں ہوا:مریم اورنگزیب

شہباز وزیر اعظم ہونگے :خواجہ آصف  ابھی فیصلہ نہیں ہوا:مریم اورنگزیب

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ،دنیا نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم کیلئے شہبازشریف ن لیگ کے امیدوار ہوں گے۔

اگلے دو تین دن میں مخلوط حکومت کی شکل نکل آئے گی، کوئی اتحاد تشکیل دیدیا جائے گا تو اس کی طرف سے نام آئے گا، اتحاد پیپلزپارٹی کی طرف سے آنے والے نام پر بھی غور کرے گا، وزارتوں کا فیصلہ بھی اتحاد ہی کرے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ شہبازشریف کو تجربہ بھی ہے اور وہ ایک بار وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں، وزارت اعلیٰ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھ سے نہ پوچھیں ابھی وزارت عظمیٰ پر رہیں، وزارت اعلیٰ کا بھی ہماری پارٹی نے فیصلہ کرلیا ہے ۔ دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا ہے ۔ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا خواجہ آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے ، پارٹی واضح کرنا چاہتی ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا، اتحادیوں اور سیاسی مشاورت کے نتیجے میں یہ نام متفقہ طور پر طے کیا جائے گا۔ اس ضمن میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، بات چیت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے مکمل ہونے پر میڈیا کے ذریعے قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔لیگی ترجمان کا کہنا تھاکہ پاور شیئرنگ سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی اور پاور شیئرنگ گفتگو کا حصہ نہیں ہے البتہ ساتھ چلنے پر مشاورت ہوئی ہے ، جو بھی فیصلہ کریں گے مشاورت سے کریں گے اور اعلان کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں