لاہور سے منتخب نئے چہرے ، اسمبلیوں میں نمائندگی کیلئے تیار

لاہور سے منتخب نئے چہرے ، اسمبلیوں میں نمائندگی کیلئے تیار

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)قومی اورپنجاب اسمبلی میں کچھ تجربہ کار توکچھ نوجوان عوامی نمائندگی کریں گے ، لاہور سے منتخب نئے چہرے بھرپور جوش و جذبے سے عوامی خدمت کے لئے تیارنظرآرہے ہیں۔۔۔

تحریک انصاف کے پرانے چہروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتو نئے چہروں کے لئے راستہ کھل گیا ۔ لطیف کھوسہ سابق گو رنرپنجاب تو رہے مگر پہلی بار قومی اسمبلی میں عوامی نمائندگی کریں گے ، مریم نواز نے سیاست کے محاذ پر پارٹی کاعلم تو بہت عرصے سے بلند کئے رکھا مگر اسمبلی میں انکی آواز پہلی بار عوام کے لئے اٹھے گی ۔ عطا اللہ تارڑ کا سیاست میں جوش خطابت تو پہلے سے تسلیم شدہ ہے لیکن رکن قومی اسمبلی پہلی بار بنے ،عون چودھری سیاست کے میدان میں توپرانے کھلاڑی ،مگر ایوان میں منتخب نمائندے کی حیثیت سے پہلی بار آئیں گے ،پنجاب اسمبلی کے ایوان میں بھی نئے چہر ے بڑی تعداد میں اپنا سکہ منوائیں گے ، تحریک انصاف کے شیخ امتیاز پارٹی سیاست تو طویل عرصہ سے کررہے ہیں مگر رکن پنجاب اسمبلی پہلی بار منتخب ہوئے ،تحریک انصاف کے حمایت یافتہ علی امتیاز وڑائچ کو بھی پہلی بار پنجاب اسمبلی کے ایوان میں حلقے کی نمائندگی کاموقع ملا ، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ حافظ فرحت عباس سیاسی نشیب و فراز سے تو طویل عرصے سے گزر رہے ہیں مگر ایم پی اے پہلی بار بنے ، تحریک انصاف کے ہی فرخ جاوید مون بھی پہلی بار اسمبلی کے ایوان میں حق نمائندگی ادا کریں گے ، مسلم لیگ ن کے عمران جاوید ،عرفان شفیع کھوکھر ، انس محمود ، فیصل ایوب کے لئے بھی پنجاب اسمبلی کے ایوان کے دروازے کھل گئے ، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ احمر رشید بھٹی ، ہارون اکبر بھی اسمبلی کے ایوان میں گرجتے برستے نظر آئیں گے ،مسلم لیگ ن کے خالد پرویز کھوکھر اور تحریک انصاف کی حمایت یافتہ مصباح واجد بھی اسمبلی کے پلیٹ فارم پر نظر آئینگے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں