عوام چاہتے ہیں حکومت اعلانات یابیانات نہیں کام کرکے دکھائے:محسن نقوی

عوام چاہتے ہیں حکومت اعلانات یابیانات نہیں کام کرکے دکھائے:محسن نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف اور ان کی پوری ٹیم کو اعلیٰ کارکردگی پر شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ نے گزشتہ 13ماہ میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اورپی آئی ٹی بی کی پوری ٹیم کے لئے 3کروڑ کے خصوصی انعام کااعلان کیا۔

محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13ماہ میں پی آئی ٹی بی نے اپنی استعداد سے بڑھ کر ڈلیور کیاہے اورکسی بھی ادارے کا کوئی بھی پراجیکٹ پی آئی ٹی بی کے بغیر ممکن نہیں تھا، ٹائم لائن کے اندر بڑے بڑے پراجیکٹس مکمل کئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کو تمام پراجیکٹس کا کریڈٹ دیتا ہوں،عوام کو اعلانات یا بیانات سے غرض نہیں بلکہ عملی اقدامات پر ہی مطمئن ہوتے ہیں۔ عوام چاہتے ہیں کہ حکومت ان کے لئے کام کرکے دکھائے اور عوام صرف سروس ڈلیوری چاہتے ہیں۔ پی آئی ٹی بی نے ڈرائیونگ لائسنس کے لئے صرف 2ہفتے میں سافٹ ویئر بنایا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے محسن نقوی نے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی قلیل مدت میں پنجاب کے ہر شعبے بالخصوص صحت، تعلیم اور مواصلاتی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ کی الوداعی ملاقاتیں گزشتہ روز بھی جاری رہیں۔امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز اور ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ امریکی قونصل جنرل اور ترکیہ کے قونصل جنرل نے محسن نقوی کو پی سی بی کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔وزیر اعلیٰ نے امریکی قونصل جنرل اور ترکیہ کے قونصل جنرل کو پی ایس ایل 9 کا میچ دیکھنے کی دعوت دی۔ امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کو کرکٹ بال کا تحفہ دیا اورپی ایس ایل 9کے انعقاد کو سراہا۔ محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل کو پنجاب میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے خصوصی رپورٹ بھی پیش کی۔ ترکیہ قونصل جنرل نے کہا کہ آپ نے انتہائی تیزی سے بے شمار منصوبے کامیابی سے مکمل کئے او ردن رات کام کر کے دکھایا۔ آپ کی لیڈر شپ میں پنجاب خصوصاً لاہور کا نقشہ تبدیل ہواہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں