سیاسی نہیں،قومی مفادات ترجیح:چار اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی شہباز شریف سے ملاقات

سیاسی نہیں،قومی مفادات ترجیح:چار اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی شہباز شریف سے ملاقات

لاہور ،اسلام آباد (دنیا نیوز،سیاسی رپورٹرسے ، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان عوامی پارٹی،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفود ، ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری سالک حسین اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے لاہور میں الگ الگ ملاقات کی اورحکومت سازی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 بی اے پی نے مسلم لیگ ن کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا جبکہ ن لیگ اورمتحدہ کے قائدین نے اتفاق کیا کہ عوام کی خدمت کیلئے ہم سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے ، سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں۔ادھر متحدہ وفد نے ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے بھی انکی رہائش گاہ پر جا کر ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ نوا بزادہ خالد مگسی کی زیرقیادت چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور سینیٹر کہدہ بابر پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ وفاق اور بلوچستان میں ن لیگ کے ساتھ حکومت سازی میں ساتھ دیں گے ۔ دریں اثنا متحدہ کے مرکزی رہنما مصطفی کمال،فاروق ستار اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری پر مشتمل وفد نے شہبازشریف سے ماڈل ٹاؤن لاہور میں ملاقات کی ، اس موقع پر لیگی رہنما اسحاق ڈار، ایاز صادق، رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر بھی موجود تھے ۔ شہبازشریف نے کہا کہ ہم سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں ۔ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ نے (ن)لیگ سے پاورشیئرنگ کا فارمولا طے کرنے کا مطالبہ کردیاجبکہ ملاقات میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔مزید برآں شہباز شریف سے مسلم لیگ (ق)کے سینئر رہنما چودھری سالک حسین اوراستحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبد العلیم خان بھی ملے ۔ علاوہ ازیں اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے ، ملک کسی صورت انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان کیلئے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔دریں اثنا متحدہ کے وفد کی چودھری شجاعت سے ملاقات کے موقع پرملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کے ساتھ حکومت کی تشکیل سازی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کے نامزد سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی ملاقات کی ، اپنی نامزدگی پر ملک محمد احمد خان نے پارٹی اور قیادت سے اظہار تشکر کیا ، شہبازشریف نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی محنت کاثمرعوام کوترقی کی صورت میں ملے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں