دھاندلی کی پیداوار حکومت زیادہ نہیں چل سکتی: سراج الحق

 دھاندلی کی پیداوار حکومت زیادہ نہیں چل سکتی: سراج الحق

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ دھاندلی کی پیداوار حکومت زیادہ عرصہ نہیں چل سکتی،پی ڈی ایم ٹو کو سوسال حکومت مل جائے پھر بھی ان سے ڈیلیور نہیں ہو گا۔

 دھاندلی کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے والی سیاسی جماعتوں پر عوام نے فل سٹاپ لگا دیا، ان جماعتوں کی سیاست عروج کی طرف نہیں بلکہ ختم ہونے جا رہی ہے۔ دھاندلی زدہ الیکشن سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوا۔نااہل حکمرانوں کی وجہ سے غربت انتہا کو پہنچ چکی ،عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جمعیت طلبا عربیہ کی نومنتخب قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہاکہ حکمران بیرونی دبا ؤ اور عالمی ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے دینی مدارس کے خلاف اقدامات کررہے ہیں، 31لاکھ طلبہ دینی مدارس میں زیر تعلیم ہیں ،دینی مدارس کی طرف عوام کا رجوع مسلسل بڑھ رہا ہے ۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے نومنتخب صدر ہائیکورٹ بار اسد منظور بٹ نے وفد کے ہمراہ منصورہ میں ملاقات کی۔ امیر جماعت اسلامی نے اسد منظور بٹ کو ہائیکورٹ بار کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں