بیرونی سفارتکاری : زرداری شہبازشریف میں فارمولاطے

بیرونی سفارتکاری : زرداری  شہبازشریف میں فارمولاطے

لاہور(محمد حسن رضا سے )حکومت سازی کے معاملات کیساتھ ساتھ عالمی سطح پررابطے بہتر بنانے سے متعلق اہم فیصلے ہوگئے ۔

 معتبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نامزد صدر آصف علی زرداری اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان سفارتکاری سے متعلق فارمولا طے پاگیا ہے ، آصف علی زرداری بطور صدر پاکستان ایران اور امریکا سے تعلقات کو بہتر بنانے پر فوکس کریں گے اور یہاں پر سفیر ان کی مشاورت سے لگائے جائیں گے ، جبکہ وزیراعظم شہبازشریف قطر، سعودی عرب، کویت اور یو اے ای سے متعلق معاملات اور سفارتکاری سے متعلق معاملات کو مثبت انداز میں چلائیں گے ، جبکہ آئی ایم ایف سے متعلق اہم ٹاسک کو حاصل کرنے کی ذمہ داری ایس آئی ایف سی اور وزارت خزانہ کے سپرد ہو گی، جبکہ کل تک وزیر خزانہ سے متعلق بھی فیصلہ ہو جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں پر ضرورت ہو گی وہاں پر زرداری اور شہبازشریف دونوں کو آئی ایم ایف سے متعلق معاملات کو مئوثر انداز میں چلانے کا ٹاسک دیا جاسکتا ہے ، جبکہ اس سارے پراسیس میں غیر متعلقہ سیاسی افراد کو مکمل طورپر آئوٹ کردیا گیا ہے ، اور معاشی پالیسیوں سے متعلق جو فیصلے نگران حکومت میں ہوئے ہیں ان کا تسلسل جاری رہے گا، جبکہ آئی ایم ایف سے متعلق دی گئی ہدایت اور ٹاسک پر بھی بھر پور عملدآمد کروانے کے لئے مشترکہ طورپر اقدامات کئے جائیں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ معاشی چیلنجز کو دیکھتے ہوئے مشترکہ طورپر ایس آئی ایف سی اور کچھ سیاستدانوں کے درمیان یہ معاملات طے پائے ہیں تاکہ ملکر معاملات سے نمٹا جا سکے ۔ اور ان کے ساتھ ساتھ ریفارمز پالیسیوں پر بھی سختی سے عملدرآمد کرنے کا پراسیس شروع کر دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں