شکایات پر بیوروکریٹس کو نیب میں طلب نہیں کیا جائیگا:ڈپٹی چیئرمین

شکایات پر بیوروکریٹس کو نیب میں طلب نہیں کیا جائیگا:ڈپٹی چیئرمین

لاہور(نمائندہ دنیا)قومی احتساب بیورو (نیب)لاہور میں پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی کیس کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصرنے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں منعقد کی گئی جہاں کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ، ڈائریکٹر ایف آئی اے سرفراز ورک، جوائنٹ ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو معین حبیب خان لودھی، سیکرٹری معدنیات بابر امان بابر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ ڈاکٹر زاکر زکریا کے علاوہ نیب لاہور کے افسروں اور متاثرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا اصل فوکس متاثرین کی دادرسی ہے ۔ کسی کو پھانسی چڑھانا اصل انصاف نہیں بلکہ متاثرین کے نقصانات کا ازالہ حقیقی انصاف ہے ۔ ہم نے طے کر لیا ہے کہ ہر شہری کی عزتِ نفس کا خیال رکھا جائے گا۔ چیئرمین کی ہدایات ہیں کہ بے نامی درخواستوں پر آئندہ کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ بیوروکریسی کے خلاف شکایات پر کسی بیوروکریٹ کو نیب میں طلب نہیں کیا جائے گا۔ بیوروکریسی کے حوالہ سے شکایات کیلئے سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں شکایات سیل کے روبرو انہیں پیش ہونا ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیب لاہورکے ڈائریکٹرجنرل امجد مجید اولکھ نے کہا کہ چھ ماہ میں تیسری تقریب منعقد کی جا رہی ہے ۔ اس سے قبل نیب لاہور نے دو تقاریب میں ساڑھے 7 ارب روپے متاثرین میں تقسیم کئے ۔ پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی متاثرین میں 1 ارب 67 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ نیب لاہور نے اپنے قیام سے تاحال 35 ارب 60 کروڑ کی ریکوری کی ہے ۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین نیب نے متاثرین میں چیک تقسیم کئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں