پی ٹی آئی کا 2مارچ کو دھاندلی کیخلاف احتجاج کا اعلان

پی ٹی آئی کا 2مارچ کو دھاندلی کیخلاف احتجاج کا اعلان

اسلام آباد راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ، نیوز ایجنسیاں، دنیا نیوز )پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ملک بھر میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی دیگر جماعتوں سے مل کر 2 مارچ کو احتجاج کرے گی۔

عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے وہ پر اعتماد ہیں، حالیہ الیکشن میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ہے ، ایک جنبش قلم نے ہماری نشستوں پر ضرب لگادی ہے ۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم لوگ عدالتوں اور اسمبلیوں میں بھی احتجاج کریں گے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں عامر ڈوگر کو سپیکر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے ، ڈپٹی سپیکر کیلئے میں مالاکنڈ سے جنید خان کو نامزد کیا گیا ہے ۔تحریک انصاف کے اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اچھی رہی، ہم قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں گے ۔اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم امید ہے کرتے ہیں الیکشن کمیشن اس بار حقائق، آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنارسی ٹھگ اپنا حصہ لینے آئے تھے ، یہ سمجھتے ہیں پاکستان میں ان کا حصہ وراثتی طور پر موجود ہے ۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ انسان میں کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے ، ایک مینڈیٹ چور کو پنجاب میں راتوں رات وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ آئی ایم ایف کے خط سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پی ٹی آئی بیانیے کے مطابق خط بھیجا جائے گا۔ 29 تاریخ کو ہم اسمبلی میں حلف لینے جائیں گے ۔ اگر مخصوص نشستیں نہیں دیں گے جو بادی النظر میں نظر آرہا ہے تو ہم ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے ، مفتی عطا تارڑ کا فتویٰ ہم نے سن لیا ہے رد کرتے ہیں ۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا مقدمہ یاد دہانی کرواتا ہے کہ بحیثیت ریاست ہم آج بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں 50 سال پہلے تھے ۔ ترجمان تحریک انصاف نے بتایاکہ آج بھی قوم کے ایک مقبول اور معتبر ترین عوامی نمائندے کو جعلی مقدمات کی بنیاد پر پابندِ سلاسل کیا گیا ہے اور ایسا کرنے والوں کو عدالتی سہولت کاری میسر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں