خاتون جج دھمکی کیس میں بانی پی ٹی آئی عدالت میں طلب

خاتون جج دھمکی کیس میں بانی پی ٹی آئی عدالت میں طلب

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر )جوڈیشل مجسٹریٹ و سول جج مریدعباس کی عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طلب کرلیا۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے طلبی کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق  دائر درخواست منظور کرلی اور نوٹس جاری کردیا،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو حکم دیاکہ آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو پیش کیاجائے ، سماعت 3 اپریل تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔ علاوہ ازیں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے سائفر کیس میں سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔متفرق درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ آفیشل سیکرٹریٹ ایکٹ کے سیکشن 9کے تحت دی گئی، سزا میں سازش یا غداری ثابت نہیں ہوسکی،بطور سابق وزیر خارجہ سائفر حفاظت کی ذمہ داری،میری نہیں پرنسپل سیکرٹری کی تھی،درخواست میں سابق وزیر خارجہ نے عدالت سے سزا معطل کرکے رہا کرنے کی استدعا کی۔ دریں اثنا جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے احتجاج اور توڑ پھوڑ سے متعلق تھانہ ترنول میں درج مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی،اسدعمر،فیصل جاوید اور دیگرکی بریت درخواستیں منظور کرتے ہوئے مقدمہ سے بری کردیا۔ عدالت سے جاری فیصلہ میں کہاگیا کہ دوران سماعت وکلا آمنہ علی،سردار مصروف خان اور محسن غفار عدالت پیش ہوئے ،ملزموں کی جانب سے 249-اے کے تحت الگ الگ بریت کی درخواستیں دائر کی گئیں۔

مقدمہ میں ملزموں کو سزا نہیں سنائی جاسکتی،مقدمہ کا مزید ٹرائل چلانا وقت کا ضیاع ہے ، بانی پی ٹی آئی،اسدعمر، خرم شہزاد نواز،علی نواز اعوان،فیصل جاوید،عابد حسین اور ظہیر خان کی بریت درخواستیں بھی منظور کی جاتی ہیں،ملزم اسدعمر،علی نواز اعوان اور فیصل جاوید ضمانت پر ہیں،مچلکے واپس لے سکتے ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے الیکشن نتائج کے خلاف احتجاج پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمہ میں شعیب شاہین ، شیر افضل مروت ، علی بخاری اور عامر مغل کی ضمانت کنفرم کردی۔گز شتہ روز سماعت کے دوران شعیب شاہین ، شیر افضل مروت ، علی بخاری اور عامر مغل عدالت پیش ہوئے ،عدالت نے ملزموں کی حاضریاں لگائیں اور ان کی ضمانت کنفرم کر دی۔لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نیب ریفرنس میں عبوری ضمانت کی درخواست کو غیر موثر قرار دیا ۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نیب ریفرنس میں عبوری حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں