پختونخوا اسمبلی: سنی اتحاد کے بابر سواتی سپیکر، ثریا ڈپٹی سپیکر منتخب، وزیراعلیٰ کا آج انتخاب

پختونخوا اسمبلی: سنی اتحاد کے بابر سواتی سپیکر، ثریا ڈپٹی سپیکر منتخب، وزیراعلیٰ کا آج انتخاب

پشاور،کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی 89ووٹ لے کر سپیکر جبکہ ثریا بی بی 87ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئیں،سپیکر کے امیدوار احسان اللہ میاں خیل نے 17 جبکہ ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ارباب وسیم خان نے 19 ووٹ لئے ۔قبل ازیں صوبائی اسمبلی کا اجلاس  مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا، جس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے رائے شماری ہونی تھی، تاہم جے یو آئی کی جانب سے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا گیا ہے ۔ دوران ووٹنگ سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں نے کچھ دیگر ارکان کو ووٹ ڈالتے دیکھ کر نعرے بازی کی۔پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر عباد اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ کے منصب کیلئے انتخاب آج ہوگا، اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ علی امین گنڈاپور آزاد حیثیت سے وزیراعلیٰ کا انتخاب لڑیں گے ۔صوبائی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 118 ہو گئی ہے ، جس میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 87 جبکہ 6 ارکان آزاد حیثیت سے اسمبلی میں موجود ہیں،سپیکر نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج تک کے لیے ملتوی کردیا،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا انتخاب آج صبح 10 بجے ہوگا۔دریں اثنا بلوچستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما کیپٹن (ر)عبدالخالق اچکزئی بلامقابلہ سپیکر جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی غزالہ گولہ بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئیں۔ نومنتخب سپیکربلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبد الخالق اچکزئی سے انجینئر زمرک خان اچکزئی نے حلف لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں