مہنگائی1.27فیصد بڑھ گئی،14اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

مہنگائی1.27فیصد بڑھ گئی،14اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد (آئی این پی، اے پی پی) فروری کے آخری ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.27 فیصد اضافہ ہوگیا ، سالانہ بنیاد پر شرح 32.73 فیصد ہوگئی، 22 تا 29 ہزار روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کیلئے مہنگائی کی شرح 38.07 فیصد رہی۔

 ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ، 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو انڈے ، لہسن، بیف اور دال مونگ سمیت کئی اشیا مہنگی ہوئیں جن میں گیس کی قیمتوں میں 15.52 فیصد، پیاز 2.87 فیصد، انڈے کی قیمتوں میں1.32 فیصد، آلو 0.68فیصد، دال مونگ 0.27فیصد، بیف کی قیمت میں 0.32 فیصد اضافہ ہوا۔ٹماٹر کی قیمتوں میں 11.48 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 0.97 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.85 فیصد، پانچ لٹر کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.44فیصد، سادہ روٹی کی قیمتوں میں 0.35فیصد، گڑ کی قیمت میں 0.33فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی کی قیمتوں میں0.22فیصد ، دال مسور کی قیمتوں میں 0.21 فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمت 0.20 فیصد کمی ہوئی۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 27.35فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 31.53فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 38.07فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 34.68فیصد اور 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 29.61 فیصد رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں