سینیٹ الیکشن: گیلانی سمیت 21امیدواروں کے کاغذات جمع

سینیٹ الیکشن: گیلانی سمیت 21امیدواروں کے کاغذات جمع

اسلام آباد(سٹاف رپورٹرز، خصوصی نیوز رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں)سینیٹ کی خالی ہونیوالی نشستوں پر ضمنی الیکشن 14 مارچ کو ہو گا، یوسف رضا گیلانی، عبدالقدوس بزنجوسمیت21امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ،کاغذات کی جانچ پڑتال آج اور کل کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما وسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کر ادیئے ، الیکشن کمیشن میں ان کے وکلا نے کاغذات جمع کرائے ، پیپلزپارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ، یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے سینیٹ سے استعفیٰ دے کر قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیاتھا، اب پھر انہوں نے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات جمع کرا دیئے ہیں ۔ ادھر تحریک انصاف نے سینیٹ کی اسلام آباد سے خالی ہونے والی نشست پر الیکشن کیلئے الیاس مہربان کوپارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ۔ دریں اثنا سینیٹ کی سندھ کی 2جنرل نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی کے جام سیف اللہ دھریجو، اسلم ابڑو، وقار مہدی اورمختیاراحمد دھامرا نے جبکہ سنی اتحاد کونسل کی طرف سے نذیراللہ، شازیہ سہیل اور جمیل احمد نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں۔علاوہ ازیں بلوچستان سے سینیٹ کی خالی ہونیوالی 3 نشستوں پر 12 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں۔ الیکشن کمشنر بلوچستان محمد فرید آفریدی کے مطابق سینیٹ کی تین خالی نشستوں پر پیپلزپارٹی کے 4امیدواروں عبدالقدوس بزنجو، آغا شکیل درانی، طارق بگٹی اور میر حیر بیار ڈومکی،جمعیت علمائے اسلام کے 2امیدواروں عبد الشکور غیبزئی اور آغا محمود شاہ ، مسلم لیگ (ن)کے بھی 2امیدواروں دوستین ڈومکی ،میر خان کرد ،بلوچستان عوامی پارٹی کے مبین احمد خلجی ،کہدہ بابربلوچ اورآزاد امیدواروں کاشف عزیز اور میر دانش لانگو نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ پولنگ 14مارچ کو صبح 9 بجے سے شام 4بجے تک جاری رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں