تربت ،وزیرستان حملوں میں بھی امریکی اسلحہ استعمال ہوا

تربت ،وزیرستان حملوں میں بھی امریکی اسلحہ استعمال ہوا

اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی ذرائع نے پاکستان میں ہونے والے بیشتر دہشتگرد حملوں میں امریکی ساختہ اسلحہ استعمال ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔

افغانستان سے جدید امریکی اسلحہ کی پاکستان سمگلنگ افغان عبوری حکومت کا اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کے دعوؤں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ ذرائع کے مطابق تربت حملے میں فورسز نے دہشتگردوں سے امریکی ساختہ اسلحہ برآمد کیا، دہشتگردوں سے ایم 32 ملٹی  شاٹ گرنیڈ لانچ، ایم 16،اے 4، نائٹ تھرمل وژن اور دیگراسلحہ برآمد ہوا۔ 27 جنوری کو شمالی وزیرستان میں دہشتگرد نیک سے بھی امریکی ساختہ اسلحہ ملا، 22 جنوری کو ژوب پر دہشتگردوں سے برآمد اسلحہ بھی غیر ملکی تھا ، 19 جنوری کو میرانشاہ میں پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں سے ملا اسلحہ بھی غیر ملکی تھا۔ 31 دسمبر 2023 کو باجوڑ میں سرحد پار کرنے والے 3 دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ، جن سے ایم 4 کاربائن امریکی ساختہ اور دیگر اسلحہ ملا۔29 دسمبر 2023کو میر علی میں دہشتگردوں سے اے کے 47، ایم 4 کاربائین اور گولہ بارود برآمد ہوا،اس کے علاوہ بھی دہشتگردوں نے کئی حملوں میں امریکی ساختہ اسلحے کا استعمال کیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کسٹمز اور سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے آئی گاڑی سے پیاز کی بوریوں سے جدید امریکی ہتھیار برآمد کیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں