ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ :بجلی5روپے یونٹ مزید مہنگی :سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ کے تحت 1.68روپے یونٹ سستی

ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ :بجلی5روپے یونٹ مزید مہنگی :سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ کے تحت 1.68روپے یونٹ سستی

اسلام آباد(نامہ نگار)نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5روپے یونٹ مزید مہنگی کرنے کی ابتدائی منظوری دے دی حتمی فیصلہ عید کے بعد جاری ہوگا، جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 1.68روپے یونٹ سستی کر دی گئی۔

گزشتہ روزبجلی پانچ روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی دائردرخواست کی سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی صدارت میں ہوئی ،سی پی پی اے حکام نے کہاکہ نیپرا کے طے کردہ ریفرنس کے مطابق ہی لاگت آئی،ماہانہ فیول پرائس کی مد میں تقریباً 5 روپے کا اضافہ مانگا گیاہے ،اس ماہ فروری کیلئے اضافہ 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مانگا گیا گزشتہ ماہ کی فیول پرائس 7 روپے 6 پیسے بنتی تھی،ایک ماہ کیلئے بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی ابتدائی منظور ی دیتے ہوئے نیپرا اتھارٹی نے ایف سی اے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی، نیپرا قیمتوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔دریں اثنا نیپرا اتھارٹی نے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد ڈسکوز کے صارفین کے لئے دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مدمیں 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی،اس کا اطلاق اپریل، مئی اور جون 2024 کے بلوں پر ہو گا،نیپرااتھارٹی نے مالی سال 24-2023 کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر 14 فروری کو عوامی سماعت کی تھی،اس سے قبل صارفین سے 2 سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 4 روپے 43 پیسے فی یونٹ چارج کیا جا رہا تھا جو کہ مارچ 2024 تک تھا،صارفین کوگزشتہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی نسبت اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 68 پیسے کم چارج کیا جائے گا،اس کا اطلاق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا،سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ فیصلہ کے نوٹیفکیشن سے پہلے وفاقی حکومت کو مطلع کر دیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں