کراچی: غیرملکی باشندوں پر خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے مانسہرہ کالونی لانڈھی میں غیرملکی باشندوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کی جانب سے مانسہرہ کالونی لانڈھی میں غیرملکی باشندوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی تحقیقات کے دوران دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کورنگی مہران ٹاؤن کے شوروم سے قسطوں پر حاصل کی گئی، سی ٹی ڈی ٹیم نے شوروم مالک کے بیانات قلمبند کر لیے، 2018ء ماڈل کی موٹر سائیکل 2020ء میں صدام حسین تھیم نامی شہری نے قسطوں پر خریدی، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے موٹر سائیکل خریدنے والے افراد کی تلاش شروع کر دی۔

شوروم مالک کے مطابق صدام حسین اپنے والد قربان علی کے ہمراہ موٹرسائیکل خریدنے آیا تھا، 45 ہزار روپے مالیت کی موٹر سائیکل تین ہزار روپے ماہانہ قسطوں پر فروخت کی، موٹر سائیکل حاصل کرنے والے افراد نے 3 اقساط کی ادائیگی کی اس کے بعد غائب ہو گئے، موٹر سائیکل حاصل کرنے والے افراد پر 26 ہزار روپے کی رقم واجب الادا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں