کراچی: پولیس مقابلے میں طالبات کو لوٹنے والا ملزم ہلاک، گینگ گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران طالبات سے ڈکیتی کرنے والا ملزم مارا گیا، ایک ڈکیت گینگ بھی پکڑا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ملزم میٹرک بورڈ آفس کے قریب طالبات سے ڈکیتی کے بعد فرار ہو گیا تھا، پولیس نے تعاقب کیا تو ملزم نے فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی کے دوران ملزم گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا، مرنے والے ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کھارادر میں 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہو گیا، بینک میں جمع کرانے کیلئے رقم لانے والا ملازم ہی ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ نکلا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، سمیر نے دیگر 3 ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔

ادھر کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر لوٹ مار کرنے والا ڈکیت گینگ پکڑا گیا، ملزمان شہری سے واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزموں کو حراست میں لیا گیا، ملزمان سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد ہوا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں