افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے 70جانیں نگل لیں،متعدد لاپتہ

کابل :(دنیا نیوز)افغانستان کے مغربی علاقوں میں بارش کے نئے سپیل نے تباہی مچا دی، سیلاب سے اب تک 70 شہری جاں بحق اورمتعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ غور کے پولیس ترجمان عبدالرحمان بدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیلاب سے متعدد افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں، سیلاب سے تقریباً دو ہزار مکانات اور دکانیں تباہ ہوئے ہیں اور ہزاروں کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہزاروں مویشی بھی ہلاک ہوئے اور سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا ہے، سیلاب کی وجہ سے صوبے میں سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں جبکہ لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

افغانستان کے مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ سیلاب سے ایک مرتبہ پھر غور، فریاب، بدخشاں، سرِ پُل اور جوزجان متاثر ہوئے ہیں جہاں سینکڑوں مکانات سیلاب کی نذر ہوئے۔

صوبہ غور کے شہر فیروز کوہ کے رہائشی عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ان کے علاقے میں سینکڑوں مکانات اور دکانیں تباہ ہوئیں اور لوگوں کے مال مویشی بھی بہہ گئے ہیں۔

مرغاب کے منتظم امان اللہ پیکر نے کہا کہ حالیہ دنوں ان کے ضلع میں تیسری مرتبہ سیلاب آیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں