سٹاک مارکیٹ:پہلی بار67000پوائنٹس کی بلندترین سطح عبور کر لی

سٹاک مارکیٹ:پہلی بار67000پوائنٹس کی بلندترین سطح عبور کر لی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ملکی تاریخ میں پہلی بار67000پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی عبور کرلی اور 100انڈیکس 617پوائنٹس بڑھ کر 67165پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

قومی اداروں کی تیزرفتار نج کاری، پی آئی اے کی نج کاری سے 300ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کرنے کے منصوبے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا۔گزشتہ  روز انڈیکس بڑھنے سے مارکیٹ کے سرمائے میں83ارب روپے سے زائد کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم 94کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اور60.22فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں المشرق سمیت دیگر غیرملکی بینکوں کی سرمایہ کاری دلچسپی، پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کے درمیان انضمام اور ایس آئی ایف سی کے توسط سے آئل اینڈ گیس سیکٹر میں بڑی نوعیت کی غیرملکی سرمایہ کاری کی توقعات کے باعث کاروباری دورانیے میں تیزی آئی ہے ۔

یاد رہے کہ دسمبر 2023 میں ہنڈرڈ انڈیکس 66426 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کے ایس ای100انڈیکس میں 617 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث انڈیکس بڑھ کر67165 پوائنٹس ہو گیا، اسی طرح 175.14پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 21914.86پوائنٹس سے بڑھ کر22090.00پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 44075.12پوائنٹس سے بڑھ کر44470.33پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 83ارب23کروڑ14لاکھ66ہزار172روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 93کھرب46ارب79کروڑ69لاکھ93ہزار501روپے سے بڑھ کر 94کھرب30ارب2کروڑ84لاکھ59ہزار673روپے ہو گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو16ارب روپے مالیت کے 42کروڑ11لاکھ18ہزار حصص کے سودے ہوئے ، جبکہ بدھ کو 11ارب روپے مالیت کے 35کروڑ45لاکھ97ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔ سٹاک مارکیٹ میں گز شتہ روز مجموعی طور پر352کمپنیوں کا کاروبار ہوا، جس میں سے 212کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،111میں کمی اور29کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں