پنجاب پولیس:234افسر اور اہلکار منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث

پنجاب پولیس:234افسر اور اہلکار منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب میں 200 سے زائد پولیس افسروں اور اہلکاروں کے منشیات فروشوں کے سہولت کار ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، پنجاب پولیس کی سرویلنس برانچ کی تیار کردہ رپورٹ آئی جی پنجاب کو بھجوا دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے 10 اضلاع کے 234 پولیس افسروں اور اہلکاروں کے نام اس میں شامل ہیں،جن میں سے 9پولیس افسر یونیفارم میں بھی منشیات فروشی کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق لاہور کے 30 پولیس اہلکار منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں، انکے خلاف 35 مقدمات درج ہیں۔ فیصل آباد کے سب سے زیادہ 62 پولیس ملازمین منشیات فروشوں کی سہولت کاری میں ملوث ہیں جن میں سب انسپکٹر ،اے ایس آئی،کانسٹیبلز اور ڈرائیورزشامل ہیں ۔ بہاولپور کے 40 ، ساہیوال کے 26 ، شیخوپورہ کے 23 ،گوجرانوالہ کے 21 ، ملتان کے 18 ،راولپنڈی کے 6،ڈی جی خان کے 5 اور سرگودھا کے 3 پولیس افسر اوراہلکار منشیات فروشوں کے سہولت کار نکلے ۔رپورٹ کے مطابق منشیات فروشوں کی سہولت کاری میں ملوث صرف 2 اہلکار جیلوں میں ہیں، پولیس اہلکاروں کے متعلقہ منشیات فروش گینگز کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل ہیں،چرس، ہیروئن، آئس اور کرسٹل پاؤڈر سمیت دیگرنشوں کی تفصیلات بھی رپورٹ کاحصہ بنائی گئی ہیں۔سرویلنس برانچ نے خفیہ رپورٹ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو بھجوا دی ہے جومنشیات کے دھندے میں ملوث پولیس افسروں اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں