میڈان پاکستان ،،برانڈ برآمد کرنیوالوں کے مسائل فوری حل کئے جائیں:شہباز شریف

میڈان پاکستان ،،برانڈ برآمد کرنیوالوں کے مسائل فوری حل کئے جائیں:شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ای کامرس شعبے میں برآمد کنندگان کو سہولیات فراہم کرنے اور وزارت تجارت کو ’’میڈ انپاکستان‘‘برانڈ برآمد کرنے والوں کے مسائل کے فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدی شعبے کی ترقی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم کو برآمدی شعبے کی سہولت کیلئے سفارشات اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی وزارت تجارت کو تمام سٹیک ہولڈرز اور انٹرپرینیورز سے مشاورت کے بعد ملکی برآمدات کو آئندہ پانچ برس میں دوگُنا کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کیا جائے ۔ شہباز شریف نے کہا گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دریں اثنائوزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی تعاون، سڑک اور ریل رابطے ، ثقافتی تبادلے ، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور سکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔گزشتہ روز شہباز شریف سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایران کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے معاملے پر ایران کی حمایت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا وفاقی وزارتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جدت اور تحقیق کے لئے خصوصی سیلز قائم کئے جائیں گے ۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے سر مایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے ۔ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے متعلقہ مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کے حوالے سے ان ممالک کے ساتھ اپنے روابط میں مزید بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مظفرگڑھ ، لیہ اور جھنگ کے شمسی توانائی کے منصوبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے تمام تر ضروری تقاضے پورے کئے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں