پاکستان ،آئندہ مالی سال مہنگائی 15،شرح نمو2.3فیصد رہے گی:عالمی بینک

پاکستان ،آئندہ مالی سال مہنگائی 15،شرح نمو2.3فیصد رہے گی:عالمی بینک

اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی بینک نے امکان ظاہر کیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 1.8 فیصد رہے گی جبکہ مہنگائی کی اوسط شرح 26 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ عالمی بینک نے اگلے مالی سال اوسط مہنگائی مزید کم ہو کر 15 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔

 مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔رواں مالی سال مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 8 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ، مالی سال 2025 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 7.4 فیصد رہے گا، مالی سال 2026 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 6.6 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔ عالمی بینک نے پاکستان میکرو اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں بتایا کہ آئندہ مالی سال 2025 میں پاکستان کی شرح نمو 2.3 فیصد جبکہ مالی سال 2026 میں 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔عالمی بینک کے مطابق رواں مالی سال 24-2023 کے دوران شعبہ زراعت کی ترقی 3 فیصد تک رہ سکتی ہے۔

مالی سال 2025 میں زرعی شرح نمو کم ہوکر 2.2 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ عالمی بینک نے مالی سال 2026 میں زراعت کی ترقی بڑھ کر 2.7 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے ۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران صنعتی ترقی کی نمو 1.8 فیصد رہنے کا امکان ہے ، جبکہ اگلے مالی سال 2025 میں صنعتی ترقی 2.2 فیصد اور 2026 میں 2.4 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارہ بڑھ کر جی ڈی پی کے 8 فیصد تک رہنے کا تخمینہ ہے ۔عالمی بینک نے رپورٹ میں بتایا کہ شرح سود اور مہنگائی میں کمی کا انحصار پائیدار مالی استحکام پر ہے ، مختلف شعبوں کوسبسڈیز، گرانٹس، قرضے معیشت کو متاثر کر رہے ہیں۔

عالمی بینک کے مطابق حکومت کے مالی خسارے میں 18 فیصدحصہ سرکاری اداروں کا شامل ہے ، سال 2022 میں سرکاری اداروں پر ایک ہزار 303 ارب روپے کے اخراجات آئے ۔عالمی بینک نے رپورٹ میں این ایچ اے ، پی آئی اے ، سٹیل مل کے نقصانات کم کرنے کے علاوہ انرجی سیکٹر سمیت سرکاری اداروں میں مشکل اصلاحات پر زور دیا۔عالمی بینک نے کہا کہ توانائی کے شعبے کے ساتھ ساتھ پنشن اورسول سروس میں اصلاحات بھی ناگزیر ہیں۔رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال قرضوں کی شرح 73.1 سے کم ہو کر 72.3 فیصد پر آنے کا امکان ہے ، مالی استحکام کے لیے پرائمری خسارہ قابو میں رکھنا سب سے اہم ہوگا۔عالمی بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 7.4 فیصد جبکہ مالی سال 2026 میں خسارہ جی ڈی پی کے 6.6 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں