پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ:پٹرول4.53ڈیزل 8.14روپے لٹر مہنگا نوٹیفکیشن جاری

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ:پٹرول4.53ڈیزل 8.14روپے لٹر مہنگا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد،لاہور (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ کردیا،پٹرول 4.53،ڈیزل 8.14 روپے لٹر مہنگا ہوگیا، یکم اپریل کو بھی پٹرول کی قیمت 9.66روپے بڑھائی گئی تھی۔

نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیاجو کہ اگلے 15روز تک نافذ رہیں گی، نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 4روپے 53 پیسے فی لٹر بڑھا کر 293روپے 94 پیسے فی لٹر ، ڈیزل کی قیمت 8 روپے 14پیسے فی لٹر بڑھا کر 290 روپے 38 پیسے فی لٹر ، مٹی کے تیل کی قیمت 6 روپے 69 پیسے فی لٹر بڑھا کر 193 روپے 8 پیسے فی لٹر ،لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے 54 پیسے بڑھا کر 174 روپے 34 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 60،60 روپے فی لٹر پر برقرار ہے ،وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ 15 روز میں عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔دریں اثنا آئل ٹینکرز مالکان نے آج 16اپریل سے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کر دیا،آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ناپ تول میں کمی کیخلاف آج سے سپلائی بند رہے گی، پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل راولپنڈی، اسلام آباد ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں معطل رہے گی جبکہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل رکھی جائے گی،ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک سپلائی کو معطل رکھا جائے گا، پی ایس اوحکام اور ڈی سی اسلام آباد کو نوٹس بھجوائے لیکن کوئی جواب نہیں ملا، میٹر رائزڈ سسٹم کے تحت بھرائی کے مطالبے کو پورا کیا جائے ۔ ضلعی انتظامیہ اور حکام نے 20 فروری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اب مطالبات کی منظوری تک علامتی احتجاج کے پیش نظر سپلائی معطل رہے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں