قومی اسمبلی،آصفہ کا حلف،کورم کی نشاندہی،حکومتی ارکان کا واک آؤٹ

قومی اسمبلی،آصفہ کا حلف،کورم کی نشاندہی،حکومتی ارکان کا واک آؤٹ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے شور شرابے میں نو منتخب رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ۔

 اپوزیشن کی جانب  سے آصفہ بھٹو زرداری کے حلف کے دوران شور شرابے پر پی پی رکن عبد القادر پٹیل نے اپوزیشن کو پوائنٹ آف آرڈر نہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کورم کی نشاندہی کر دی۔ حکومتی اتحادی اور جے یو آئی کے اراکین نے بھی ایوان سے واک آؤٹ کیا ،کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا ۔قومی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا ۔اجلاس میں دہشت گردی اور قدرتی آفات میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نو منتخب رکن اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے حلف اٹھا لیا اور اس کے بعد رجسٹرڈ پر دستخط کئے ۔ اس طرح انہوں نے پارلیمانی سیاست کا آغاز کر لیا ۔ قومی اسمبلی میں حلف کے دوران سنی اتحاد کونسل کے ارکان نعرے بازی کرتے رہے ،فارم 47 والے نامنظور جبری سلیکشن جبری الیکشن نامنظور کے نعرے لگاتے رہے ۔ آصفہ بھٹو حلف اٹھانے کے بعد بلاول بھٹو کے ہمراہ فوری ایوان سے چلی گئیں ۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کے اراکین آ صفہ بھٹو زرداری کو ان کی نشست پر جا کر مبارکباد دیتے رہے ۔ پیپلزپارٹی کے ارکان نے ٍڈیسک بجائے ۔ گیلری میں موجود مہمانوں نے پیپلزپارٹی کے حق میں نعرے لگائے ،مولانا عبدالغفور حیدری نے مختلف حادثات اور آفات میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا کرائی ۔تحریک انصاف کے حمایت یافتہ شیر افضل مروت کی درخواست پر بہاولنگر پولیس کے زخمی افسران کے لیے بھی دعا کرائی گئی۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے دوبارہ ایوان میں دعا کرائی ۔عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ کوئی پوائنٹ آف آڈر نہیں ہوگا ۔اس کے بعد عبدالقادر پٹیل نے کورم کی نشاندہی کردی جس کے بعد حکومتی ارکان ایوان سے چلے گئے سنی اتحاد کونسل (تحریک انصاف کے حمایت یافتہ )بشمول ا پوزیشن ارکان نے نعرے لگائے ‘‘ کہ بھاگ گئے ’’۔عبدالقادر پٹیل نے واک آئوٹ کے دوران عبدالغفور حیدری سے واک آئوٹ کا کہاجس پر جے یو آئی بھی ایوان سے واک آؤٹ کر گئی ۔ سپیکر کی ہدایت پر گنتی کرائی گئی تو ارکان کی تعداد64 نکلی ۔ سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں