سٹاک مارکیٹ:تاریخ میں پہلی بار 70500 کی حد عبور

 سٹاک مارکیٹ:تاریخ میں پہلی بار 70500 کی حد عبور

کراچی (آن لائن)عید الفطر کی سرکاری تعطیلات ختم ہونے کے بعدکاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن سٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کا ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا اورملکی تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ 70500پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی ۔

کاروباری تیزی سے مارکیٹ سرمائے میں 64ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 98کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ51فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ماہرین کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ پروگرام کی کامیابی کیساتھ تکمیل، معیشت قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ جیسے عوامل پر ملکی تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ 70500پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 229پوائنٹس کے اضافے سے 70544پوائنٹس پر بند ہوا ،اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس58.79پوائنٹس کے اضافے سے 23191.08پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 46041.99پوائنٹس سے بڑھ کر46350.04پوائنٹس پر جا پہنچا ۔مجموعی سرمایہ بڑھ کر98کھرب24ارب روپے ہوگیا۔ پیر کو21ارب روپے مالیت کے 55کروڑ52لاکھ14ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 353کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 180کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،156میں کمی اور17 میں استحکام رہا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں