بارشیں :چھتیں گرنے و دیگر واقعات میں15افراد جاں بحق

بارشیں :چھتیں گرنے و دیگر واقعات میں15افراد جاں بحق

خیبر،سوات ، ٹانک،راولپنڈی (نمائندہ دنیا ،صباح نیوز،خصوصی نیوز رپورٹر )ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے دوران چھتیں ،دیواریں گرنے ،سیلابی ریلوں میں بہنے و دیگر واقعات میں 15 افراد جاں بحق اور 16 سے زائد زخمی ہو گئے۔

 ،پختونخوا میں 12،آزادکشمیر میں 2افراد اور پنجاب میں ایک خاتون نے دم توڑا۔ دوسری طرف پاک فوج کا پختونخوا کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پختونخوا میں شدید بارشوں کے دوران لوئر دیرکے علاقے لقمان بانا میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ ضلع خیبر کے علاقہ باڑہ شین درنگ کے قریب تیز بارش کی وجہ سے عبدالرازق نامی شخص کے کمرے کی چھت گر گئی اور ملبے تلے 9 افراد دب گئے جن میں سے 2 خواتین اور 3 بچے جاں بحق جبکہ دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔جبکہ لنڈی کوتل،اور جمرود میں درجن سے زائد مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرگئیں ،لنڈی کوتل پاک افغان شاہراہ پر پل نہ ہونے سے سیلاب کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ادھر ٹانک کے نواحی علاقہ ملازئی میں مسافر پک اپ ڈالہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا، ڈالے پر بچوں اور عورتوں سمیت تقریباً 15افراد سوار تھے ، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے 12 افراد کو بچا لیا تاہم سکول ٹیچر سید عالم اور ایک بچہ ڈوب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچہ لاپتہ ہو گیا ،مانسہرہ کی تحصیل اوگی کے علاقے سیری میں بارش کے باعث برساتی نالہ میں طغیانی آگئی اور عطاالرحمن نامی شخص کی 12سالہ بیٹی نالے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئی۔

ادھر آزادکشمیر کی وادی نیلم میں کٹن ڈوگیاں میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آنیوالے خاندان کے 2 افراد جاگراں تراڑ نالہ میں بہہ کر جاں بحق ، 2 شدید زخمی اور ایک شخص لاپتہ ہو گیا ۔ دوسری طرف پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے علاقہ واہنڈو میں بارش کی وجہ سے زیرتعمیرمیرج ہال کی دیوار گرنے سے مقامی رہائشی عظمت کی بیوی 40 سالہ شبانہ جاں بحق اور اس کی 11 سالہ بیٹی زینب معمولی زخمی ہوگئی۔دریں اثنا صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے سے 15گھر مکمل تباہ ہو گئے جبکہ 70 کو جزوی نقصان پہنچا ،سوات میں گھر منہدم ہونے سے 40 جانور ہلاک ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف آئی ایس پی آر کے مطابق چترال کے علاقہ دروش، سوات کے علاقوں بحرین، مدین اور مٹہ اور دیر میں پاک فوج نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر کئی رابطہ سڑکوں کو بحال کر دیاہے ۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج منگل کی رات بلوچستان میں داخل ہوگا اور یہ 18 اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں میں پھیل جائے گا جس سے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشیں ہو ں گی، دریائے کابل، سوات اورپنجگوڑہ میں سیلاب کا خدشہ ہے ،این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں