19سال قبل کشمیر سے اغواخاتون پیر محل سے بازیاب

19سال قبل کشمیر سے اغواخاتون پیر محل سے بازیاب

ٹوبہ ٹیک سنگھ،پیرمحل(نامہ نگار،نمائندہ دنیا) سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر 19سال قبل آزاد کشمیر چک چکوٹھی ضلع ہٹیاں بالا سے اغوا ہونے والی خاتون آسیہ بی بی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل کے علاقہ سے بازیاب کروالی گئی۔13 سال کی عمر میں 2005 کے زلزلے میں اغوا ہونے والی آسیہ بی بی کو تھانہ اروتی پولیس نے 19 سال بعد موضع شاہ پور سے گزشتہ رات چھاپہ مار کر بازیاب کروا لیا۔

آسیہ بی بی کوغلام مصطفی کمہار اغوا کرکے اپنے گھر جھنگ لے آیااور دو سال اپنے پاس قید کئے رکھا اوراس دوران اس پر ظلم کرتا رہا دو سال بعد اسے موضع شاہ پور کے معمرشخص اللہ یار کو فروخت کر دیا، جس نے اس سے نکا ح کر لیا ،کچھ دن  پہلے آسیہ نے کسی ہمدرد کے ذریعے اپنی مختصر ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی جس میں بتایا کہ وہ بہت ظلم برداشت کر رہی ہے اسکے والد کا نام راجہ بشیر والدہ کا نسیم بی بی اور ماموں کا نام عبدالرحمن ہے ،جس پر اسکے خاندان کو پتہ چلا اور آزاد کشمیر حکومت نے وفاقی حکومت کے ذریعے آرپی او فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس سے رابطہ کیا جس پر اسے بازیاب کروا لیا گیا،اسے پیرمحل کے علاقہ مجسٹریٹ مدثر مقصود کے حکم پر عارضی طور پر دارالامان میں رکھا گیا ہے ،بعد میں چکوٹھی پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں