سعودی وزیر خارجہ کی اسلام آباد آمد،قطری وفد اور ایرانی صدر بھی دورہ کرینگے

سعودی وزیر خارجہ کی اسلام آباد آمد،قطری وفد اور ایرانی صدر بھی دورہ کرینگے

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی سربراہی میں سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد انتہائی اہم دورے پر پاکستان پہنچ گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایئرپورٹ پر سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کیا، وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے ایک ہفتے بعد سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آیا ہے جس میں وزیر ماحولیات،  وزیرپانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان عبدالمحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائے ،سعودی فنڈ برائے سرمایہ کاری، رائل کورٹ و دیگر شعبوں کی شخصیات اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں،سعودی وفد خارجہ، صنعت وتجارت، زراعت، معدنیات، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، آبی وسائل کے وزرا سے ملاقاتیں اور سرمایہ کاری پرعملدرآمد کے امور پر مشاورت کرے گا، دورے میں ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری کے امور بھی زیرغور آئیں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وفد کے دورے سے مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور نئے امکانات کی راہیں ہموار ہوں گی،سعودی وزیر خارجہ آج صدر مملکت ، وزیر اعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ سعودی وفد کی آج ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی سے بھی ملاقات ہوگی جس میں سرمایہ کاری کے امور زیر غور آئیں گے ۔وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بالمشافہ ملاقات ہوئی اور سعودی عرب نے پانچ ارب ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا تھا ، سعودی وفد پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اگلے مراحل اور عملدرآمد کے امور پر مشاورت کرے گا ، سعودی عرب پاکستان میں 25 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔

سعودی عرب کے علاوہ ایران کے صدر اور قطر سے بھی وفودپاکستان کا دورہ کریں گے ، ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اعلٰی سطح وفد کے ہمراہ 22 اپریل کو دوروزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے ،سفارتی ذرائع نے بتایا کہ ایرانی صدر کی سکیورٹی ٹیم اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور اس کی متعلقہ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں،ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی ہے ، ایرانی صدر اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، ایرانی صدر کے اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری کے ساتھ باضابطہ ملاقات و مذاکرات بھی ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں پر تکلف ضیافت کا بھی اہتمام کریں گے ، اس کے علاوہ ایرانی صدر کی وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی وتجارتی تعاون کے مختلف سمجھوتوں پر دستخط کیے جائیں گے ۔سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کے دورے میں پاک ایران گیس پائپ لائن اور ممکنہ آزاد تجارتی سمجھوتہ بھی اہم ترین نکات کے طور پر شامل ہیں۔ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا صدارت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا، شہباز شریف حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ مملکت ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں