پنجاب:انتظامیہ روٹی ،نان کی قیمتیں کم کرانے میں ناکام ،پکڑد ھکڑ

پنجاب:انتظامیہ روٹی ،نان کی قیمتیں کم کرانے میں ناکام ،پکڑد ھکڑ

لاہور( اپنے سٹی رپورٹر سے ، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں ) پنجاب میں روٹی نان کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد کرانے میں ضلعی انتظامیہ ناکام رہی ، کئی نان بائیوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔

کریک ڈاؤن کے دوران ضلعی انتظامیہ نے 296 روٹی نان پوائنٹس کی چیکنگ کی، 46 کو نوٹسز جاری کئے گئے ، 19 کو بھاری جرمانے جبکہ 7 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے تحصیل رائیونڈ میں 76، تحصیل سٹی میں 65 انسپکشن کی ، تحصیل کینٹ میں 45، تحصیل ماڈل ٹاؤن میں 40 اور تحصیل شالیمار میں 70 انسپکشنز کی گئیں، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا، 70 ہزار کے جرمانے کئے ۔ڈی سی لاہور کا مزید کہنا تھا اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نبیل میمن نے 3 افراد کو حراست میں لیا اور 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے ۔ادھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود نئی قیمت پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا، شہر میں روٹی 20 اور نان 30 روپے کا ہی فروخت ہو رہا ہے ۔ راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی نان بائیوں نے حکومت کی جانب سے روٹی سستی کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔نان بائیوں کا کہنا ہے کہ آٹا اور گیس سستی ہوگی تو روٹی سستی کریں گے ، حکومت سیاست کرنے کے بجائے نان اور روٹی کے ساتھ ساتھ دیگر اشیا کی قیمتیں بھی کم کرے ۔ دوسری جانب شہریوں نے حکومتی فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی اقدام قابل ستائش ہے مگر اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے ۔ادھر روٹی کی قیمت کم کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف ویڈیو بیان جاری کرنے پر صدر آل پاکستان نان روٹی ایسوسی ایشن شفیق قریشی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ تھانہ بنی پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل رضوان ظفر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ 

لاہور (عمران اکبر)حکومت کے لیے سستی نان روٹی کے ساتھ ساتھ تنوروں اور ریستورانوں پر سادہ روٹی کی دستیابی  یقینی بنانا بھی نیا چیلنج بن گیا، لاہور میں 10 ہزار سے زائد تنور ہیں ، ہر تنور مالک نے اپنے اپنے طور طریقے نکال لئے جبکہ کئی تنوروں نے سادہ روٹی کی فروخت بند کر دی، خمیری روٹی اور نان فروخت کرنے پر توجہ۔ نان اور خمیری روٹی کی قیمت ایک جیسی،سادہ روٹی کے جھنجھٹ سے چھٹکارا پا لیا۔10 ہزار میں سے 7 ہزار تنوروں پر صرف خمیری روٹی اور نان بیچا جا رہا ہے ،باقی ماندہ 3 ہزار تنوروں پر خمیری روٹی اور نان کے ساتھ سادہ روٹی بھی دستیاب ہے پوش علاقوں میں خاص طور پر صرف نان اور خمیری روٹی فروخت کی جا رہی،عام علاقوں میں دونوں قسم کی روٹیوں کے ساتھ ساتھ نان بیچا جا رہا ہے ۔7 ہزار تنور والے آٹے کی بجائے صرف فائن آٹا استعمال کر رہے ہیں۔حکومتی اعلان کے باوجود قیمتیں کم نہ کرنے کا جواز بھی مہنگا فائن آٹا بتاتے ہیں تنوروں کے علاوہ شہر کے کئی ریستوران بھی سادہ روٹی بنانا چھوڑ چکے ہیں۔ریستورانوں اور تنوروں کو سادہ روٹی بنانے کیلئے پابند کرنا حکومت کیلئے نیا چیلنج ہے ایک طرف چار روپے روٹی سستی کرنے کااعلان اور دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی تنوروں پر کارروائیاں بھی عام آدمی کوسستی روٹی نہ دے سکیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں