چیف جسٹس کی ملازمت میں تو سیع کابل جلد سامنے آجائیگا:پی ٹی آئی

چیف جسٹس کی ملازمت میں تو سیع کابل جلد سامنے آجائیگا:پی ٹی آئی

اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر، اپنے نامہ نگار سے ،دنیا نیوز)تحریک انصاف کے تر جمان اور سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت کی توسیع کا بل جلد سامنے آجائے گا، ان کی توسیع کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے۔

 76 سالوں سے ملک کیساتھ زیادتی ہو ئی اور زیادتی کرنے والے حکومت پر پھر براجمان ہیں، رضوان عباسی ٹاؤٹ وکیل کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، نکاح کیس میں عدالت پیش ہو کر دھمکی لگائی کہ 4 ہفتوں کا وقت دیں، اپنے دلائل کے دوران ہی عدالت سے چل گئے اور عدالت نے فیصلہ سنانے کی بجائے 24 اپریل کی تاریخ دے دی۔سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رئوف حسن کا کہنا تھا کہ حکومت طاقتور لوگوں کے اشاروں اور طے شدہ اصولوں کے منافی عدلیہ کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ، ہم اس مدت ملازمت میں توسیع کو پوری طاقت سے روکنے کی کوشش کریں گے ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو عدلیہ کے ساتھ ہوتا کہلواڑ نظر نہیں آتا ،انہوں نے کہا جس طرح جی سی او کے گھر پر چھاپہ مارنے پر داد رسی کی گئی کیا پی ٹی آئی کے ورکرز جنکے ساتھ بدترین غیر انسانی سلوک کیا گیا انکی کی بھی ریاست کی جانب سے داد رسی کی جائے گی؟ہمارے اوپر 9 مئی کی تلوار لٹکائی ہوئی ہے ، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ جوڈیشل انکوائری کروائیں، کوئی انکوائری نہیں ہورہی لیکن ملٹری کورٹس سے سزائیں سنا دی گئی ہیں۔

یہ کہاں کا قانون اور انصاف ہے ؟،رئوف حسن نے مزید کہا کہ ہم بہاولنگر واقعہ کا بھی آزادانہ جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں،انہوں نے کہا بشریٰ بی بی کے کمرے اور واش روم میں کیمرے لگائے گئے ہیں انہیں فوراً اتارا جائے ۔ ادھر سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں بیرسٹر گوہر، شہریار آفریدی، حامد رضا، علی محمد خان کی شرکت کی ،ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں بھرپور احتجاج اورججز کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط کا معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں تمام اراکین اسمبلی کو پی ٹی آئی جلسوں میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی گئی ۔ عمر ایوب خان نے کہا سائفر کیس ریت کے ٹیلے کی طرح بہہ گیا ہے ، پراسیکیوشن عدت میں نکاح کیس سے بھاگ رہا ہے ،اسلام آباد ضلع کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا عید سے ایک دن پہلے پراسیکیوٹر نے اچھی سٹیٹمنٹ دی تو انہیں تبدیل کر دیا گیا۔عمر ایوب نے کہا بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود، پرویزالٰہی ، بشریٰ بی بی اور دیگر قیادت کے کیسز میں کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور اپوزیشن لیڈر بارہا کہہ چکا ہوں 9 مئی کی تحقیقات کے لئے آزادانہ کمیشن بنایا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں