لاہور: 1قومی، 4صوبائی نشستوں پر 21اپریل کو ضمنی الیکشن

 لاہور: 1قومی، 4صوبائی نشستوں پر 21اپریل کو ضمنی الیکشن

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر 2024کاضمنی الیکشن 21 اپریل کو ہوگا، ضمنی الیکشن میں یہاں صرف تین سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہی حصہ لے رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے میدان خالی چھوڑ ا ہے ،دوسری طرف الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقوں کی حتمی پولنگ سکیم جاری کردی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 119میں اس بار ضمنی الیکشن میں کل 9امیدوار میدان میں اترے ہیں جن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار علی پرویز ملک ،تحریک انصاف (سنی اتحاد کونسل )کے شہزاد فاروق جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمد ظہیر شامل ہیں جبکہ6 آزاد امیدوار ہیں ۔علاوہ ازیں لاہور کے چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سے پی پی 147 میں کل 11 امیدوار ہیں ، جن میں مسلم لیگ ن کے ملک ریاض،تحریک انصاف(سنی اتحاد کونسل )کے شاہ رخ جمال، تحریک لبیک پاکستان کے محمد یاسین جبکہ 8 آزاد امیدوارہیں۔ پی پی 149 میں کل 14 امیدوار میدان میں اتریں گے جن میں استحکام پاکستان کی جانب سے شعیب صدیقی، تحریک انصاف (سنی اتحاد کونسل)کے ذیشان رشید اور تحریک لبیک کی طرف سے محمد ظہیرنامزد امیدوار ہیں جبکہ گیارہ امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں ۔اسی طرح حلقہ پی پی 158 سے کل 22 امیدوار قسمت آزمائیں گے ۔یہاں تحریک انصاف(سنی اتحاد کونسل )کے مونس الٰہی، مسلم لیگ ن کے چودھری محمد نواز اور تحریک لبیک کے محمد منیر اعوان میدان میں ہیں جبکہ 19 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے ۔پی پی 164 سے کل 20 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں جن میں تحریک انصاف(سنی اتحاد کونسل)کے امیدوار محمد یوسف، مسلم لیگ ن کے راشد منہاس اور تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار مدثر محمودہیں جبکہ 17 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ادھر الیکشن کمیشن کی پولنگ سکیم کے مطابق این اے 119 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار ایک سو 67 ہے اوریہاں مجموعی طور پر 338 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے مردوں اورخواتین کیلئے 89 ،89 جبکہ مشترکہ پولنگ اسٹیشنز 160 ہونگے ۔دریں اثنا پی پی 147 میں کل ووٹرز 3 لاکھ 74 ہزار847ہے ،یہاں مجموعی طور پر232پولنگ اسٹیشنز ہونگے ۔ پی پی 149 میں کل ووٹرز 3 لاکھ 45 ہزار 448ہے ،اس حلقہ میں218پولنگ سٹیشنز قائم ہونگے ۔ پی پی 158 میں کل ووٹرز ایک لاکھ 85 ہزار516ہے جبکہ مجموعی طور پر116پولنگ سٹیشنز قائم ہونگے ۔ پی پی 164 میں کل ووٹرز ایک لاکھ 43 ہزار 395ہیں اور کل 97 پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں