دھرنا کمیشن رپورٹ کو پبلک کر دینا چاہئے :شاہدخاقان

دھرنا کمیشن رپورٹ کو پبلک کر دینا چاہئے :شاہدخاقان

لاہور (دنیا نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ دھرنا کمیشن رپورٹ لیک ہوگئی اب اسے پبلک کر دینا چاہئے ۔

پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دھرنا کمیشن کی رپورٹ کو ابھی نہیں پڑھا، کمیشن سپریم کورٹ کی ہدایت پر بنایا گیا تھا، اس کے ٹی او آر بھی سپریم کورٹ نے طے کئے تھے ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کمیشن کو کہا تھا سوال لکھ کر دیں جواب دوں گا، مجھے 24 سوال لکھ کر بھیجے گئے جس کا جواب دیا، ایک ایشو ہوا جس کو حل کرنا تھا، ایک میٹنگ میں آرمی چیف بھی تھے جس میں طے ہوا مسئلے کو حل کیا جائے ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایس آئی وفاقی حکومت کا ہی ایک ادارہ ہے ، سابق وزیرداخلہ احسن اقبال بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ، معاہدے کی منظوری کی کوئی ضرورت نہیں تھی، کمیٹی کو ہم نے اختیارات دے دیئے تھے ، احسن اقبال نے بتایا ٹی ایل پی والوں کی ڈیمانڈ ہے فیض حمید بھی دستخط کریں۔کمیٹی میں کس کو شامل کرنا تھا یہ احسن اقبال کی ذمہ داری تھی، میرا خیال ہے احسن اقبال نے ہی فیض حمید کی سلیکشن کی ہوگی، فیض حمید سے شاید بطور وزیراعظم میری کبھی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ دھرنے کو ایک میٹنگ میں روکنے کے حوالے سے بات ہوئی تھی، پنجاب حکومت نے دھرنے کو نہیں روکا اور دھرنا فیض آباد تک آگیا، ماڈل ٹاؤن واقعہ کی وجہ سے پنجاب حکومت نے سمجھا رکاوٹ نہ ڈالی جائے ۔ میرا نہیں خیال ہے کہ فلاں شخص نے دھرنا کرایا، اس حوالے سے کوئی شواہد نہیں ملیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں