اوور بلنگ :ایف آئی اے کی کارروائیوں سے لیسکو عملہ خوف کا شکار

اوور بلنگ :ایف آئی اے کی کارروائیوں سے لیسکو عملہ خوف کا شکار

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) لیسکو میں اوور بلنگ کے معاملہ پر ایف آئی اے کی کارروائیوں سے لیسکو افسر اور عملہ خوف کا شکار ہو گیا ۔

 لیسکو کے تمام دفاتر خالی، افسر اور عملہ دفتر آنے کو تیار نہیں، ذرائع کے مطابق لیسکو کے تمام سرکلز میں ایس ایز سے ایس ڈی اوز تک گزشتہ تین چار روز سے دفاتر سے غائب ہیں ۔سب ڈویژنز کا کمپلینٹ سیل کا عملہ بھی دفتر بیٹھنے کو تیار نہیں ۔ ایسیز، ایکسینز اور ایس ڈی اوز نے اپنے فون نمبر بھی ڈائورشن پر لگا د یئے ، کال کرنے پر لائن مین یا دفتر کا کوئی اور ملازم کال اٹینڈ کرتا ہے ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن کی پریس کانفرنس کے بعد افسر اور عملے میں مزید خوف پھیل گیا،لیسکو افسروں نے رواں ماہ کسی بھی صورت اوور بلنگ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ،انجینئرز کا کہنا ہے کہ اوور بلنگ سالوں پرانا معاملہ ہے ،موجودہ افسروں پر اس کا الزام عائد کرنا زیادتی ہے ۔وفاقی حکومت سسٹم کو بہتر کرنے پر کام کرے ، سسٹم کی خرابی سے لاسز بڑھتے ہیں،چوری کو ختم کرنے کے لیے جدید سسٹم کی اشد ضرورت ہے ،بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں مطلوبہ سٹاف ہے نہ ہی افسروں کے پاس اختیارات،بجلی چور الٹا عملے کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں،ایسے علاقے ہیں جو نو گو ایریا ہے ، بااثر افراد کارروائی کرنے نہیں دیتے ، حکومت پہلے افسروں کو تحفظ دے پھر بجلی چوری کو ختم کرنے کا کہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں