جعلی بھرتیاں کیس :پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزم فرد جرم کیلئے طلب

جعلی بھرتیاں کیس :پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزم فرد جرم کیلئے طلب

لاہور(اپنے خبر نگار سے )اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے مقدمہ میں پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزموں کو آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر لیا ۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس پر کارروائی نو مئی تک ملتوی کر دی۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس پر سماعت کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی۔ پرویز الٰہی کو جیل سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ۔پرویز الٰہی اور دیگر پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ۔اینٹی کرپشن عدالت میں چودھری پرویز الٰہی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا جس میں تحریر تھا کہ پرویز الٰہی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گر گئے تھے ،گرنے سے ان کی ہڈی فریکچر ہوئی تھی وہ ابھی ٹھیک نہیں ہوئے ۔

ڈاکٹر نے ان کو آرام کا مشورہ دے رکھا ہے ۔پرویز الٰہی کے 10 شریک ملزم عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے ۔پنجاب اسمبلی میں تحریری امتحان میں فیل ہونے والے ملزموں کو گریڈ 17 میں ملازمتیں دی گئیں ۔بھرتی ہونے والے ملازمین میں سمیع اللہ ،وقاص سرور ، دانیال ستار خان،طاہر احمد مکی، محمد اعجاز،محمد حیدر شفقت ، محمد امین، زیب الحسن، مختار احمد رانجھا اور محمد عاقف شامل ہیں ۔پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے ریفرنس میں پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف نیب ریفرنس پر سماعت نو مئی تک ملتوی کر دی ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں